گلگت بلتستان میں صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا، گورنر گلگت بلتستان

وفاقی حکومت اور گورنر آفس نے موجودہ ن لیگ کی حکومت کے معاملات میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی، راجہ جلال مقپون

اتوار 17 مئی 2020 17:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2020ء) گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے کہا ہے کہ ہ گلگت بلتستان میں آنے والے انتخابات میں غیر جانبدار نگران حکومت کے ذریعے صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنا کر آنے والی نسلوں کے لیے مثال قائم کر یں گے،موجودہ ن لیگ کی حکومت کی مدت ختم ہونے میں ایک ماہ باقی ہے مگر آج تک علاقے کی وسیع تر مفاد میں وفاقی حکومت اور گورنر آفس نے صوبائی حکومت کے جائز و قانونی معاملات میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں گورنر گلگت بلتستان نے کہاکہ وفاق نے صوبائی حکومت کی بھرپور مدد کرتے ہوئے نہ صرف مالی امداد فراہم کیا ہے بلکہ حالیہ کورونا کی وبائی مرض کے دوران بھرپور امداد بھی فراہم کررہاہے۔ راجہ جلال حسین مقپون کاگلگت بلتستان میں انتخابات اور نگران حکومت کے قیام کیلئے صدر کی جانب سے جاری کردہ آرڈر 2020کے بارے میں کہنا تھا کہ اس ترمیمی آرڈر کے ذریعے گلگت بلتستان میں موجودہ حکومت کی مدت مکمل ہونے کے بعد غیر جانبدار نگران حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا، گلگت بلتستان میں صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔