آزادکشمیر میں کرونا کے 20نئے مریض سامنے آئے ہیں ،19کا تعلق مظفرآباد اور ایک کا میرپور سے ہے ،ڈاکٹر مصطفی بشیر

وزیرا عظم آزادکشمیر نے رکشہ ڈرائیورز ، پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز و کنڈکٹرز کیلئے امدادی پیکج کی منظور ی دیدی ہے ادائیگی انہیں عیدا لفطر سے قبل کر دی جائیگی، وزیرآئی ٹی و حکومتی ترجمان

پیر 18 مئی 2020 19:42

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2020ء) وزیرآئی ٹی و حکومتی ترجمان ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں کرونا کے 20نئے مریض سامنے آئے ہیں جن میں سے 19کا تعلق مظفرآباد اور ایک کا میرپور سے ہے ۔ وزیرا عظم آزادکشمیر نے رکشہ ڈرائیورز ، پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز و کنڈکٹرز کیلئے امدادی پیکج کی منظور ی دیدی ہے جس کی ادائیگی انہیں عیدا لفطر سے قبل کر دی جائے گی، ان کی فہرستیں بھی تیار کر لی گئی ہیں۔

(آج)منگل کواس سلسلے میں وزیر اعظم آزادکشمیر کی زیر صدار ت اہم اجلاس ہے جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔ لاک ڈائون میں دی گئی نرمی کے دوران شہریوں نے ایس او پی کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے کیسز کی تعداد میں اچانک اضافہ ہو ا ہے جس کی وجہ سے حکومت نے دوبارہ لاک ڈائون کا نفاذ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

عید تک عوام اس پر عمل کریں ، عید کے بعد صورتحال کو دیکھتے ہوئے دوبارہ جائزہ لیں گے ۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت کرونا کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ہے جس میں تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہاکہ مظفرآباد میں کرونا کے جو 19نئے مریض سامنے آئے ہیں وہ سارے پہلے سے موجود کرونا کے مریض آصف قریشی کے Contactہیں۔آزادکشمیر میں کرونا کے کل مریضو ں کی تعداد132ہو گئی ہے جن میں سی77صحت یا ب ہو چکے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ لاک ڈائون میں دی گئی نرمی کے دوران آزادکشمیر بھر سے مختلف افراد کے ٹیسٹ کے لیے سمپل لیے گئے تو ان میں پازیٹیو ہونیوالوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔ گزشتہ پندرہ دنوں میں تقریبا کیسز ڈبل ہو گئے ہیں آزادکشمیر کے تمام مرکزی بازاروں ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں عوام اور تاجروں نے ایس او پی کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے کرونا کا پھیلائو تیز ہوا ۔

یہ بات اس کی غمازی کرتی ہے کہ حکومت نے لاک ڈائون کا پہلے جو فیصلہ کیا تھا وہ درست تھا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے بار بار وارننگ دی کہ ایس او پی کی خلاف نہ کریں اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں لیکن عوام نے اس پر عمل نہ کیا جس کی وجہ سے ہمیں دوبارہ لاک ڈائون کا نفاذ کرنا پڑا ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور ایس او پی کی مکمل پاسداری کریں ۔

متعلقہ عنوان :