سانحہ ماڈل ٹائون کے 13اسیران کی ضمانت کی منظوری،رہنمائوں کی مبارکباد

sظلم کرنیوالے نشان عبرت بنیں گے،کارکنوں پر جھوٹے مقدمے بنے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری ،خرم نواز گنڈاپور دیگر رہنمائوں کی مبارکباد

منگل 19 مئی 2020 23:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2020ء) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے سانحہ ماڈل ٹائون کی13 اسیران کوضمانت ملنے پر مبارکباد دی اور کہا ہے کہ انشا اللہ بے گناہوں کو مکمل انصاف بھی ملے گا اور ظلم کرنیوالے مزید نشانہ عبرت بنیں گے۔انہوں نے کہاکہ اسیر کارکنان نے عزم و ہمت سے اس ظالم نظام کے جبر کا سامنا کیا۔

پوری تحریک اور اسکے کارکنان انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بقیہ اسیران کو بھی جلد ضمانت ملے گی چونکہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا ۔ دریں اثنا پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ ہم معزز عدلیہ سے مکمل انصاف کی فراہمی کے خواستگار ہیں۔سابق حکمرانوں کی ہدایت پر اس وقت کے ملزم آئی جی مشتاق سکھیرا کی نگرانی میں ڈاکٹر طاہر القادری کے کارکنوںپر سانحہ ماڈل ٹائون کے قتل عام کے خلاف احتجاج کرنے پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت جھوٹے مقدمات درج کئے گئے تھے جن میں سے 107 کو سزائیں سنائی گئیں۔

(جاری ہے)

ایک کارکن دوران اسیری خالق حقیقی سے جا ملا ۔خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ نواز شریف ،شہباز شریف نے ڈاکٹر طاہرا لقادری کی دشمنی میں انتقامی کارروائیوں کی انتہا کی ۔14 بے گناہوں کو قتل کروایا گیا اور سینکڑوں پر جھوٹے مقدمات درج کروائے گئے۔ ۔منہاج القرآن کے سینئر رہنمائوں لہراسب گوندل ایڈووکیٹ،جواد حامد ،نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ،سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ نے کہاکہ الحمد اللہ13اسیران کو ضمانت ملی یہ انکی بے گناہی کا پہلا اعلان ہے۔

انشا اللہ بے گناہ کارکن با عزت رہا ہونگے۔نعیم الدین چوہدری ایدووکیٹ نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے جن اسیر کارکنوں کو ضمانت ملی ان میں عالم شیر،اعجاز حسین،تنویر،جمعہ خان،عباس علی،محمد بلال،عبد الصمد،محمد رمضان،محمد بشیر،ملازم حسین،محمد غازی،نعیم اللہ اور محمد نواز شامل ہیں۔جواد حامد نے کہاکہ امید ہے جیل حکام لاہور ہائیکورٹ کے آرڈر پر بلا تاخیر عملدرآمد کرتے ہوئے عید سے قبل رہائی کو یقینی بنائیں گے۔