فانڈیشن فائیٹنگ پاورٹی کے کرونا عید بازار میں ڈاکٹر فاروق ستار کی شرکت، نوجوانوں کے جوش و جذبے کو سراہا

جمعرات 21 مئی 2020 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2020ء) فانڈیشن فائیٹنگ پاورٹی کے زیر انتظام کرونا سے متاثرہ اور غریب و متوسط طبقہ کے 2500 خاندانوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے کرونا عید بازار کا اہتمام کیا گیا جس میں گھر کے تمام افراد کو جوتے چپل چوڑیاں اور مہندی سمیت دیگر اشیا بالکل مفت فراہم کی جارہی ہیں.کئی دن سے جاری اس بازار میں فانڈیشن کے نوجوانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مستحق افراد کی حوصلہ افزائی کیلئے سربراہ تنظیم ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے شرکت کی اور فانڈیشن کی انتظامیہ کو اس کوشش پر بہترین انداز میں سراہا.

(جاری ہے)

اس موقع پر منتظمین اور میڈیا کے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا آج مجھے یہاں آکر احساس ہوا کہ ہمارے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی ہے نہ جوش و جذبے کی، کراچی کے نوجوانوں کی اگر صحیح سمت میں رہنمائی کی جائے تو یہ حیران کن نتائج دے سکتے ہیں جس کا مجھے اس عید کرونا بازار کے بہترین اور منظم انعقاد سے اندازہ ہورہا ہی. فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کو اگر بچانا ہے تو پھر اسکی باگ دوڑ نوجوان طبقہ کے ہاتھ میں دینی ہوگی کیونکہ انکے پاس بہترین آئیڈیاز، جوش و ولولہ اور نئے رجحانات ہیں جس کی اس وقت کراچی کو سب سے زیادہ ضرورت ہے اس گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے مرکزی صدر عبداللہ احسان سید نے کہا کہ فانڈیشن فائیٹنگ پاورٹی کا نصب العین دکھی انسانیت کی خدمت ہے اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں کہ جہاں آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں وہاں یہ خدمت جہاد سے کم نہیں.

عبداللہ احسان سید نے کہا کہ بیس کروڑ عوام کو مصائب سے نجات دلانا تنہا کسی بھی حکومت کیلئے ممکن نہیں بلکہ اسکے لئے حکومت، فلاحی اداروں اور نان گورنمنٹ آرگنائزیشنز کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون ضروری ہے، ہمیں یہ فخر حاصل ہے کہ جہاں بھی عوام کو مصائب و پریشانی کا سامنا ہوا وہاں فانڈیشن فائیٹنگ پاورٹی نے آگے بڑھ کر عوام کو سہارا دیا اور کسی سیاست یا مصلحت کا شکار ہونے کی بجائے صرف اللہ کی رضا کیلئے اپنا کردار ادا کیا اور کررہے ہیں جس کا ایک بڑا ثبوت کرونا عید بازار بھی ہے جہاں 2500 سے زائد خاندانوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں.انہوں نے مزید کہا کہ فانڈیشن فائیٹنگ پاورٹی گزشتہ گیارہ برسوں سے کسی تخصیص کے بغیر عوام کی خدمت کررہی ہے اور اگر گیارہ برسوں کی خدمات سامنے لائیں تو فانڈیشن فائیٹنگ پاورٹی کی جانب سے کئے جانے والے کاموں کی ایک طویل فہرست مرتب کی جاسکتی ہے لیکن اس وقت کہ جب وطن عزیز کرونا جیسی وبا سے نبرد آزما ہے تو میں اس حوالے سے اپنی فانڈیشن کے اقدامات کا زکر ضرور کرونگا، فانڈیشن فائیٹنگ پاورٹی کی جانب سے گزشتہ دو ماہ کے دوران کرونا ٹاسک فورس کے ذریعے دس ہزار راشن کے بیگ تقسیم کئے جاچکے ہیں اسکے علاوہ ڈاکٹر حضرات کو دوہزار PPF فراہم کئے جاچکے ہیں اسکے روزانہ کی بنیاد پر افطاری کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا جاتا ہے اور اس سلسلے کو مزید دراز کرتے ہوئے کرونا عید بازار کے ذریعے عوام کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں.

انہوں نے کہا کہ ان کاموں کے علاوہ بھی ہمارے پاس بہت سے ایسے آئیڈیاز موجود ہیں جن پر عمل کرکے معاشرے میں خوشگوار تبدیلی لائی جاسکتی ہے کیونکہ فانڈیشن فائیٹنگ پاورٹی کے ساتھ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد وابستہ ہے جو ناصرف بہت کچھ کرنے کا حوصلہ رکھتی ہے بلکہ دوسروں کیلئے مثالی نمونہ بھی ثابت ہوسکتے ہیں اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل طلحہ احمد نے کہا کہ کسی بھی این جی او کو کام کرنے کے لیے سرمائے کی ضرورت ہوتی ہے اور کراچی جیسا شہر کہ جہاں دنیا میں سب سے زیادہ رقم رفاحی و فلاحی اداروں کو فراہم کی جاتی ہے وہاں ابھی تک فانڈیشن فائیٹنگ پاورٹی کی اس طرح مدد نہیں کی جارہی جو اسکا حق بنتا ہے اسکے باوجود ہم ہر ممکن کوشش کرتے ہوئے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں کیو نکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس وقت عوام جو جن اشیا کی ضرورت ہے اسکی فراہمی فوقیت رکھتی ہے جس میں وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دینا چاہئے لیکن کم از کم حکومت کو ہماری مدد ضرور کرنی چاہیے کیونکہ ہمارے اقدامات حکومت کی مدد کے مترادف ہیں عوام اور میڈیا کے نمائندوں سے جاری اس گفتگو کو سمیٹتے ہوئے نائب صدر محمد حسن رحیم نے کہا کہ فانڈیشن فائیٹنگ پاورٹی کرونا ٹاسک فورس کے ذریعے کرونا جیسی جان لیوا وبا کا مقابلہ کررہی ہے اور دوسری جانب عوام کو بھی سہارا فراہم کررہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور مخیر حضرات فانڈیشن فائیٹنگ پاورٹی کے اس مشن میں اسکا ساتھ دیں تاکہ عوام کی فلاح و بہبود کے مزید اقدامات کئے جاسکیں.