قراقرم یونیورسٹی ایفیلی ایشن کمیٹی کا اہم اجلاس، ایفیلی ایشن فیس، آن لائن نظام تعلیم، اساتذہ کی تربیت،یونیورسٹی سے ایفیلی ایٹ کالجوں کے لئے لرننگ منیجمنٹ سسٹم کا آغازسمیت کئی فیصلے

جمعرات 21 مئی 2020 22:54

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2020ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ایفیلی ایشن کمیٹی کا ویڈیو لنک کے ذریعے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایفلییشن فیس، یونیورسٹی کی طرف سے متعارف کرائے جانے والے آن لائن نظام تعلیم سے متعلق کالجوں کے پرنسپلز اور اساتذہ کی تربیت،کالجز کے لئے ایل ایم ایس سسٹم،یونیورسٹی سے ایفلی ایٹ کالجوں کے لئے لرننگ مینجمنٹ سسٹم کا آغازسمیت دیگر اہم امور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

ایفلی ایشن کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے ویڈ یو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر کالجز منظور کریم، وومن ڈگری کالج گلگت کی پرنسپل طاہر ناہید،ڈگری کالج فار بوائز کے پرنسپل محمد عالم سمیت قراقرم یونیورسٹی ایفیلی ایشن کمیٹی کے کنوینئرو اراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں قراقرم یونیورسٹی آئی ٹی ٹیم نے لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے کالجز کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی کی جانب سے تیار کردہ لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے تحت تعلیم و تعلم میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ لچک، جدت پسندی اوراساتذہ کی خود مختاری لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے بنیادی اصولوں میں شامل ہیں۔

اس سسٹم کے ذریعے کالجز کے اساتذہ کو خود بھی سیکھنے اور تدریسی مواد کی تیاری سے لیکر اسائنمنٹ اور جائزہ سرگرمیوں میں لچک، جدت اور تدریس کے استعمال میں آسانیاں پیدا ہونگی جس سے معیاری لرننگ ممکن ہوسکے گا۔آن لائن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاکہ یونیورسٹی معیاری تعلیم وتحقیق کے حصول کیلئے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل تمام ذرائع کااستعمال کر رہی ہے جس کا نتیجہ لرننگ مینجمنٹ سسٹم کا قیام اور فعال انداز میں چلانا ہے۔

وائس چانسلر نے کہاکہ ایفلییشن سے متعلق بہت جلد اہم فیصلے کئے جائیں گے جس کے بعد ایفلی ایشن کاعمل آسان ہونے سمیت سکولوں اور کالجز کو مزید آسانیاں پید اہونگی۔وائس چانسلر نے ایل ایم ایس سسٹم میں مزید بہتری لانے کے لیے کمیٹی قائم کی۔جس میں ڈگری کالج فاروومن کی پرنسپل،ڈگری کالج فاربوائز کے پرنسپل کوبھی شامل کیا۔جو ایل ایم ایس میں مزید بہتری کے لیے اقدامات اٹھائینگے۔وائس چانسلر نے عید کی چھٹیوں کے بعد فیکلٹی ٹریننگ ورکشاپ منعقد کرانے کا بھی اعلان کیا۔جس میں کالجز کے اساتذہ سمیت یونیورسٹی کی فیکلٹی کو ایل ایم ایس سسٹم کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی۔