مرغی کے انڈوں کی سبز زردی نے ماہرین کو بھی حیران کر دیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 22 مئی 2020 23:51

مرغی کے انڈوں کی سبز زردی نے ماہرین کو بھی  حیران کر دیا

ان دنوں سوشل میڈیا پر مرغی کے ایسے انڈوں کی تصویریں گردش کر رہی ہیں، جن کی زردی کا رنگ گہرا سبز ہے، جس سے  جانوروں کے  ڈاکٹر اور عوام سب حیران ہیں۔
جب ان انڈوں کی سبز زردی کی تصویریں وائرل ہوئیں  تو سب نے ہی انہیں فوٹو شاپڈ قرار دیا تاہم جلد ہی  اس طرح کے انڈے دینے والی مرغیوں کے مالک اے کے شہاب الدین  سامنے آ گئے۔ اے کے شہاب الدین کا تعلق   ملا پورم ، کیرالا ، بھارت سے ہے۔

وہ مرغیوں کا فارم چلاتے ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ اُن کی چند مرغیوں نے سبز زردی والے انڈے دئیے ہیں۔ اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے  لیے اے کے شہاب الدین نے خود انڈے توڑنے کی  ویڈیو پوسٹ کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر کے جانوروں کے ڈاکٹر اور صحافی اُن سے انڈے کی زردی کے سبز رنگ کے بارے میں پوچھ رہے ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ اس وجہ سے وہ بھی اتنے ہی حیران ہیں، جتنے کہ باقی تمام لوگ ہیں۔

(جاری ہے)


انہوں نے بتایا کہ  ان کے گھر کے ساتھ ہی واقع چھوٹے سے پولٹری فارم میں 9 ماہ پہلے   ایک مرغی نے سبز زردی کے انڈے دئیے۔انہوں نے بتایا کہ وہ کافی حیران ہوئے لیکن انہوں نے انڈوں کو استعمال نہیں کیا۔ جمع ہونے والے انڈوں سے انہوں نے چوزے نکلوائے ۔ ان تمام چوزوں میں سے 6   بڑے ہو کر سبز زردی کے انڈے دینے لگے۔اے کے شہاب الدین نے بتایا کہ وہ  اور اُن کا خاندان سبز زردی کے انڈے استعمال کر چکے ہیں۔

ان کا ذائقہ بالکل عام انڈوں جیسوں ہی ہوتا ہے۔

انڈین میڈیا نے رپورٹ دی ہیں کہ پورے ملک کے ویٹرنری ماہرین حیران ہیں۔ پچھلے دنوں کیرالا ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز یونیورسٹی کے ماہرین نے اے کے شہاب الدین کے فارم  کا دورہ کیا اور انڈوں کے نمونے اپنے ساتھ لے گئے۔اے کے شہاب الدین کا خیال ہے کہ انڈوں کی زردی کے عجیب و غریب رنگ کی وجہ مرغیوں کی خوراک ہو سکتی ہے۔ ان کی خوراک میں  پولٹری فیڈ کے ساتھ ساتھ چاول،  کوکونٹ آئل کیک اور گھر کے باورچی خانے  سے بچا کھچا  کھانا بھی شامل ہے۔اے کے شہاب الدین اب بے صبری سے ماہرین کی ٹسٹ کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔


مرغی کے انڈوں کی سبز زردی نے ماہرین کو بھی  حیران کر دیا