بنوں اور شمالی وزیرستان کے کچھ علاقوں میں آج عید کی نماز ادا کی گئی

نمازعيد کا سب سے بڑا اجتماع تبليغی مسجد ميں ہوا جبکہ نماز کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 23 مئی 2020 12:07

بنوں اور شمالی وزیرستان کے کچھ علاقوں میں آج عید کی نماز ادا کی گئی
شمالی وزیرستان(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-23 مئی2020ء) بنوں اور شمالی وزیرستان کے کچھ علاقوں میں آج عید کی نماز ادا کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کےعلاقے میران شام میں عید کی نماز ادا کی گئی ہے جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نمازعيد کا سب سے بڑا اجتماع تبليغی مسجد ميں ہوا ہے جس میں سینکڑوں افراد نے شکرکت کی تھی۔

اس کے علاوہ عید کی نماز کے وقت سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جس کے بعد عید کی نماز ادا کی گئی۔ خیال رہے کہ آج ملک بھر میں روضہ ہے اور ابھی تک عید کے دن کا تعین نہیں کیا جا سکا جبکہ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس عید کا چاند دیکھنے کے لئے آج ہو گا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹینکالوجی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستان میں عید 24 مئی بروز اتوار ہو گی، تا ہم اس حوالے سے ابھی تک فواد چوہدری اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان تضاد دیکھنے میں آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ گزشتہ شب پشاور میں عید کا چاند دیکھنے کے لئے اجلاس طلب کیا گیا تھا جس کے بعد عید کا چاند نظر نہ آنے کی صورت میں پشاور میں عید اتوار کے روز منائی جائے گی۔ تا ہم ملکی سطح پر ابھی تک عید کی تاریخ کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے چند دن قبل رویت ہلال کمیٹی کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اب جدید دور آ گیا ہے، ہمیں اس کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے۔

تا ہم ابھی تک رویت ہلال کمیٹی حکام کا کہنا ہے کہ وہ عید کا چاند دیکھنے کے بعد ہی عید کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ اس وقت پورے ملک کی نظریں آج شام ہونے والے اجلاس پر ہیں جو کی افطاری کے بعد کیا جائے گا۔ جہاں پورے ملک میں آج روزہ رکھا جا رہا ہے، وہاں ہی بنوں اور شمالی وزیرستان کے کچھ علاقوں میں آج عید کی نماز ادا کی گئی ہے۔