برآمدات بڑھانے کے لئے افریقی منڈی کو ہدف بنایا جائے،شاہد رشید بٹ

ہفتہ 23 مئی 2020 15:44

برآمدات بڑھانے کے لئے افریقی منڈی کو ہدف بنایا جائے،شاہد رشید بٹ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) گھانا کے قونصل جنرل اور تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ برامدات میں کمی سے نمٹنے کے لئے افریقہ کی مارکیٹ کا بھرپور جائزہ لیا جائے ۔چون افریقہ ممالک کا مجموعی جی ڈی پی تین کھرب ڈالر سے زیادہ ہے جبکہ چین سے اسکی تجارت ڈیڑھ سو ارب ڈالر سے زیادہ ہے تاہم پاکستان اور افریقی ممالک سے باہمی تجارتی حجم چند ارب ڈالر ہے جسے بڑھانے کا پوٹینشل موجود ہے۔

شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ افریقہ کا اسی فیصد جی ڈی پی نائیجریا، کینیا، جنوبی افریقہ، مراکش، الجیریا، مصر، سوڈام، تنزانیہ، ایتھوپیا اور گھانا پر مشتمل ہے جن سے تجارت کو ترجیح دی جائے۔

(جاری ہے)

حکومت افریقی ممالک کے ساتھ جائنٹ ورکنگ گروپس میں اضافہ کرے اور جائنٹ منسٹریل کمیشنز کی تعداد میں اضافہ کرے جبکہ انکی میٹنگز میں تاخیر نہ کی جائے۔

افریقہ میں سفارتخانوں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ کمرشل سیکشنز کو بھی فعال کیا جائے تاکہ تجارت بڑھائی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کو ادویات، آلات جراہی، بجلی کے آلات، چاول، ٹیکسٹائل مصنوعات، سیمنٹ، تعمیراتی میٹریل اور مختلف خدمات فراہم کر سکتا ہے۔ پاکستانی کمپنیوں کو افریقی تجارتی نمائشوں میں بھرپور شرکت کی ضرورت ہے ۔