فواد چودھری چاند چاند کھیل رہے، حتمی فیصلہ علماء کریں گے، نورالحق قادری

فواد چودھری دوست لیکن چاند کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی، شریعت اور دین چاند کی شہادت پر یقین رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق کا فواد چودھری سے اختلاف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 مئی 2020 15:37

اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2020ء) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ فواد چودھری چاند چاند کھیل رہے، حتمی فیصلہ علماء کریں گے، کراچی میں آج رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں عید الفطر کا شرعی فیصلہ کیا جائے گا، شریعت اور دین چاند کی شہادت پر یقین کرتی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کی پریس کانفرنس کے جواب میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ شریعت اور دین چاند کی رویت اور شہادت پر اعتماد کرتی ہے، شہادت اور رویت کے لئے سائنس اور جدید آلات کی معاونت لی جا سکتی ہے، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندہ کو بھی اس دفعہ مرکزی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ فواد چودھری میرے اچھے دوست ہیں لیکن آج کل وہ چاند چاند کھیل رہے ہیں مگر عید کا فیصلہ علما کرام ہی کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات پر قابو پانا ہی زندگی ہے، انشااللہ مشکل وقت سے نکلیں گے، مذہبی تہواروں کو یکجہتی کی وجہ بننا چاہئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہمیشہ سے تنازع کا شکار رہا، ریاست فرقہ واریت سے بالاتر ہوتی ہے، دنیا میں چاند دیکھنا اب کوئی مسئلہ نہیں رہا، آئندہ چند سالوں میں لوگ عید چاند پر بھی کرسکیں گے، سائنس کی ترقی سے چاند دیکھنے کا عمل آسان ہوگیا۔ فواد چودھری نے کہاکہ اسلام ہمیں علم حاصل کرنے کی جستجو کی تعلیم دیتا ہے، چاند کو زمین کے گرد چکر مکمل کرنے میں 29 دن سے کچھ زیادہ لگتا ہے، سورج کی روشنی میں چاند نظر نہیں آتا، سورج غروب ہونے اور چاند نکلنے میں 38 منٹ کا فرق ہونا چاہیے، چاند کی اونچائی 6.5 ڈگری ہونی چاہیے، چاند نظر آنے کا کم سے کم زاویہ 9 ڈگری کا ہونا چاہیے، 22 مئی کی رات 10 بجکر 39 منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند 7 بجکر 36 منٹ سے 8 بجکر 14 منٹ تک دیکھا جاسکتا ہے، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند کی عمر 20 گھنٹے ہوگی، پشاور میں ہفتہ کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں، ہم نے تجاویز وزیراعظم آفس کو بھجوا دی ہیں، جو وزیراعظم فیصلہ کریں گے ہم فالو کریں گے۔