Live Updates

ہیلمٹ کے بغیر ڈرائیونگ ‘ 157 موٹر سائیکل سواروں پر جرمانے عائد

موٹر سائیکل سوار حد رفتار کم سے کم رکھیں تاکہ حادثات ہی رونما نہ ہوں‘ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل

ہفتہ مئی 18:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے ہیلمٹ کے بغیر ڈرائیونگ کرنے پر 1 ہفتے کے دوران 157 موٹر سائیکل سواروں پر جرمانے عائد کئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیاں کیں اور شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں میں کورونا وائرس سے بچائو اور احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے ۔

ناکہ بندیوں کے دوران موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ہیلمٹ کے بغیر سفر کرنے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی جس کے تحت 157 افراد پر جرمانے عائد کئے گئے ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ شہری موٹر سائیکل پر سفر کرتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں کیونکہ حادثے کی صورت میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اکثر اوقات موٹر سائیکل سوار حادثے کا شکار ہو جاتے ہیں جس سے ان کو معمولی چوٹیں آجاتی ہیں تاہم ہیلمٹ کے استعمال کی وجہ سے وہ بڑے حادثے جیسے ہیڈ انجری سے بچ جاتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل سوار حد رفتار کم سے کم رکھیں تاکہ حادثات ہی رونما نہ ہوں اور اپنی زندگیوں سمیت دوسروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنایا جا سکے ۔
کرونا وائرس کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات