آئی سی سی آئی کے صدرکا پی آئے اے کے طیارے کو پیش آنیوالے حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار

طیارہ حادثہ نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے،اس مرتبہ عیدالفطرانتہائی سادگی سے منائی جائے،محمد احمد وحید

ہفتہ 23 مئی 2020 18:22

آئی سی سی آئی کے صدرکا پی آئے اے کے طیارے کو پیش آنیوالے حادثے پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صد رمحمد احمد وحید نے کراچی میں پی آئے اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا جس میں 97 افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور کہا کہ اس المناک حادثے نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا اورلواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی خصوصی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

انہوں نے سوگوارخاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے اور یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت و حوصلہ دے۔ محمد احمد وحید نے طیارہ حادثہ کو ایک قومی سانحہ قرار دیا اور کہا کہ کروناوائرس کی وجہ سے پہلے ہی پاکستان کی معیشت شدید مشکلات سے دوچار ہے جبکہ طیارہ حادثے نے قوم کو مزید غمزدہ کر دیا ہے لہذا انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ اس مرتبہ عید الفطر انتہائی سادگی سے منائی جائے اور نماز عید کے موقع پر دعا مانگتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں ضرور یاد رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نماز عید کے موقع پر سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے اور ایک دوسرے سے گلے ملنے سے گریز کیا جائے تاکہ ہم سب مل کر کروناوائرس کے پھیلائو کو روکنے میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔آئی سی سی آئی کے صدر نے مزید کہا کہ طیارہ حادثے کی وجہ سے پاکستانی قوم اس وقت ایک سکتے کی حالت میں ہے تاہم اس مشکل گھڑی میں لواحقین، پی آئی اے اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوںنے اس امید کااظہار کیا کہ پی آئی اے انتظامیہ ایسے المناک حادثات کے تدارک کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی اور مسافروں کی زندگیوں مزید محفوظ بنانے کیلئے موثر اصلاحات پر کام کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حادثے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف انکوائری کرائی جائے تاکہ حقائق قوم کے سامنے آ سکیں۔