تفصیلی خبر)

شوال کا چاند نظر آگیا، عیدالفطر (آج) اتوار کوہوگی، مفتی منیب الرحمن

اتوار 24 مئی 2020 01:10

کراچی۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2020ء) مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ شوال المکرم 1441؁ھ کا چاند نظرآگیا ہے ، (آج) بروز اتوارعیدالفطر ہوگی ۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کی زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات میٹ کمپلیکس کراچی میں ہفتہ کو منعقدہوا۔

اجلاس میںمرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان مفتی محمد ابراہیم قادری،مفتی محمد عارف سعیدی،مولاناحافظ عبیداللہ پنہور،مولانا محمد ظفر سعیدی،مولاناحافظ عبدالمالک بروہی،علامہ پیر سید شاہد علی شاہ جیلانی،مولانا محبوب علی سہتو،آغا گوہرعلی،غلام مرتضیٰ(منیجر اسپیس اینڈ سائنس سپارکو)اورزونل کمیٹی کراچی کے ارکان مولاناحافظ محمد سلفی،قاری محمد اقبال،علامہ سید علی کرار نقوی اور مولانا صابر نورانی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائرکٹر جنرل وفاقی وزارتِ مذہبی اُمور حافظ عبدالقدوس نے رابطہٴ کار اورچیف میٹرولوجسٹ محکمہٴ موسمیات سردار سرفراز نے اہتمام کے فرائض انجام دیئے۔ اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز پر منعقد ہوئے ۔ ملک بھر میں کہیں مطلع صاف تھا اور کہیں ابر آلود ،پسنی سے کثیر تعداد میں شہادتیں موصول ہوئیں ،لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ (آج) بروز اتوار 24مئی 2020؁ء یکم شوال المکرم ہوگی۔