Live Updates

کورونا وائرس وباء اور پی آئی اے کے جہاز کے حادثے کے تناظر میں عیدالفطر سادگی سے منائی جائے، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا پیغام

اتوار 24 مئی 2020 01:15

کراچی۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2020ء) وزیراعلی سند ھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں عالمی وبائی مرض کے پیش نظر عیدالفطر سادگی سے منائی جارہی ہے اور دوسرا گذشتہ روز پی آئی اے کے جہاز کے حادثے کے نتیجے میں بھی عوام سوگوار ہے لہذا ہمیں عیدالفطر سادگی سے منانی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے عیدالفطر کے موقع پر وزیراعلی ہائوس سے ہفتہ کو جاری کردہ اپنے پیغام میں کہی۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عیدالفطر کی نماز ایس او پیز کے تحت ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے اپنے آپ اور اپنے پیاروں کو بچانے کیلئے سماجی دوری اختیار کی جائے اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مسلمانوں کیلئے عیدالفطر ایک خوشیوں کا دن ہے اور اس مرتبہ گھروں میں رہتے ہوئے عید سادگی سے منائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان باالخصوص سندھ کے عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عیدالفطر ایک خوشیوں کا تہوار ہے اور مسلمانوں کیلئے ماہ رمضان کے روزے رکھنے کے بعد اللہ تعالی کی جانب سے یہ ایک انمول تحفہ ہے مگر سندھ سمیت ملک بھر میں عالمی وبائی صورتحال کے پیش نظر یہ عید سادگی سے منائی جا رہی ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں انسانیت کے ناطے غریبوں کو بھی اپنی خوشیوں میں یاد رکھنا چاہیے۔

سید مراد علی شاہ نے مخیر حضرات سے اپیل کی لاک ڈائون کی صورتحال کی وجہ سے متاثر ضرورت مندوں اور غریب لوگوں کا زیادہ خیال رکھتے ہوئے ان کی مدد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ وہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے دوراں فرنٹ لائن ورکرز ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیراعلی سندھ نے پولیس، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر ان کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات