Live Updates

عید الفطر اسلام کی اعلیٰ اور روشن اقدار کا نقیب ،اخوت ومحبت کا امین اور امت مسلمہ کے دینی ومذہبی تشخص کا مظہر ہے،راجہ مشتاق احمد منہاس کا عیدالفطر کے موقع پر پیغام

اتوار مئی 01:35

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2020ء) آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات ،سیاحت ، کھیل و امور نوجواناں راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ عید الفطر اسلام کی اعلیٰ اور روشن اقدار کا نقیب ،اخوت ومحبت کا امین اور امت مسلمہ کے دینی ومذہبی تشخص کا مظہر ہے،یہ دن اپنے اندر ہمدردی ،ایثار اور درد دل سموئے ہوئے ہے جو حقیقت میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا دن بھی ہے۔

عید کے پرمسرت موقع پر عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ عید سادگی سے منائیں اور کرونا کی وباء سے متاثر ہونے والے ضرورت مندوں کی مدد کریں ۔ اس مبارک موقع پر مجھے اپنے وہ بہن بھائی شدت سے یا د آرہے ہیں جو مقبوضہ کشمیر میں اپنے بنیادی حق، حق خودارادیت کو حاصل کرنے کیلئے اپنی جانی و مالی قربانیاں پیش کر رہے ہیںاور5اگست2019کے بعد بدترین بھارتی مظالم کا سامنا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی جد و جہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں اور ہمیں مکمل یقین ہے کہ بالآخر حق و انصاف کا بول بالا ہو گا ۔بھارتی حکمرانوں کو بھی حقائق تسلیم کرنا پڑیں گے اور اقوام متحدہ کی قراردادں پر عمل کرنا پڑے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں یقین محکم ہے کہ پوری ریاست جموں و کشمیر آزاد ہو کر مملکت پاکستان کا حصہ بنے گی ۔

ریاست کا پاکستان کے ساتھ جو تمدنی جغرافیائی ، اقتصادی اور روحانی تعلق ہے اسے کسی شاطرانہ حربے سے توڑا نہیں جا سکتا۔وقت نے بار بار ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں قائم حکومتوں نے ہمیشہ کشمیرکی سیاسی اخلاقی اور سفارتی سطح پر بھرپور حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
کرونا وائرس کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات