یوم تکبیر ہماری آنے والی نسلوں کی آزادی، خودمختاری اور ان کا مستقبل محفوظ بنانے کا ایک بڑا اہم دن ہے،

نوجوانوں کو خود کو ان چیلنجرز کے مقابلے کے لئے تیار کرنا ہوگا جن کا ملک و قوم کو سامنا ہے قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کایوم تکبیر کے موقع پر ارکان پارلیمان، پارٹی کارکنان اور نوجوانوں کے نام پیغام

بدھ 27 مئی 2020 20:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ یوم تکبیر ہماری آنے والی نسلوں کی آزادی، خودمختاری اور ان کا مستقبل محفوظ بنانے کا ایک بڑا اہم دن ہے، نوجوانوں کو خود کو ان چیلنجرز کے مقابلے کے لئے تیار کرنا ہوگا جن کا ملک و قوم کو سامنا ہے۔

یوم تکبیر کے موقع پر پر ارکان پارلیمان، پارٹی کارکنان اور نوجوانوں کے نام پیغام میں انہوں نے کہاہے کہ 28 مئی 1998 وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کا جواب 6 ایٹمی دھماکے کرکے ثابت کردیاتھا۔اس طرح پاکستان دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بن گیا۔ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے جوہری عمل کا آغاز ذوالفقارعلی بھٹو نے شروع کیا تھا جبکہ اس صلاحیت کے عملی اظہار کا فیصلہ پاکستان نے عالمی دباؤ کو رد کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کو خون جگر دینے والے تمام اکابرین قوم، ماہرین، سائسندان، قابل قدر شخصیات اور افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یہ وہ محبان وطن ہیں جنہوں نے مادروطن کے سر کی چادر کو کسی بھی لالچ، دباو یا ذاتی مفاد پر ہمیشہ مقدم رکھا۔ یہ سب ہمارا فخر ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج نوجوان نسل کو اس دن کی اہمیت سے خاص طور پر آگاہی کی ضرورت ہے کہ یوم تکبیر دراصل ہماری آنے والی نسلوں کی آزادی، خودمختاری اور مستقبل محفوظ بنانے کا ایک بڑا اہم دن ہے۔

نوجوانوں کو خود کو ان چیلنجرز کے مقابلے کے لئے تیار کرنا ہوگا جن کا ملک و قوم کو اس وقت سامنا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے انہیں غیر معمولی سنجیدگی، حصول علم اور سوچ کی پختگی پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جوہری دھماکوں کے فیصلے نے بھارتی غرور اور تکبر بلوچستان کے تاریخی مقام چاغی پر جلا کر خاک کردیا تھا۔ اللہ تعالی پر کامل ایمان، لاالہ اللہ کے ورد کے ساتھ جب سیاہ پہاڑ دھنکی ہوئی سفید روئی میں تبدیل ہوئے تو نعرہ تکبیر۔

۔۔اللہ اکبر نے دھرتی ہلا دی۔ انہوں نے کہاکہ یوم تکبیرپر ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی عزت وقار، دفاع وسلامتی اور مفاد کے لئے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہو گی۔ ہماری اگلی منزل ناقابل تسخیر معیشت ہے جس کے بغیر کوئی قوم اپنا مکمل دفاع نہیں کر سکتی ۔انہوں نے کہاکہ وہ پوری قوم کو یوم تکبیر کی مبارک دیتے ہوئے یہ گزارش کریں گے کہ کورونا کی مہلک وبا کے پیش نظر اپنے گھروں میں رہتے ہوئے یوم تکبیر منائیں۔ نعرہ تکبیر اللہ اکبر بلند کریں۔ پاکستان کی سلامتی، تحفظ، خوشحالی وترقی اور وباوں سے نجات کی خصوصی دعائیں کریں،نوافل ادا کریں اوراپنے گھروں میں کیک کاٹیں۔