بھارت کی امن دشمن اور انسانیت سوز حرکتوں سے خطہ کا امن خطرات سے دو چار ہے، پروفیسر قاضی عتیق الرحمن

جمعرات 28 مئی 2020 20:53

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) پاکستان فلاح پارٹی کے مرکزی صدر پروفیسر قاضی عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ خطہ میں بھارت کے جارحانہ عزائم کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، بھارت کی امن دشمن اور انسانیت سوز حرکتوں سے خطہ کا امن خطرات سے دو چار ہے، مقبوضہ کشمیر پر ظالمانہ لاک ڈائون کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی چین سے سرحدی جھڑپیں، نیپال اور بنگلہ دیش سے مخاصمانہ رویہ سے بھارت کے جنگجویانہ عزائم طشت ازبام ہو چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تکبیر کے جوالہ سے پارٹی کارکنان کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے ٹھیکیداروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھارت کو لگام دیں ورنہ حالات وہ رخ اختیار کر سکتے ہیں جو امن عالم کو شدید خطرات سے دوچار کر دیں گے۔

(جاری ہے)

تمام متاثرہ اقوام اپنی بقا کی خاطر بھارتی شورش کا منہ توڑ جواب دینے پر حق بجانب ہوں گی۔

بھارتی ڈرون کی درندازی اور اور ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان فلاح پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ بھارت کی مذموم حرکتوں کا علاج حالیہ چینی ردعمل ہی ہے، سرحدی جھڑپوں میں چینی فوج کے مقابلہ میں ہزیمت اٹھا کر بھارتی حکومت مذاکرات کی بات کر رہی ہے، بھارت کا اس مرمت کے علاوی کوئی جواب نہیں ہے، قوم بھارت کے خلاف اپنی فوج کے شانہ بشانہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے۔