تمام صوبے ریسورس مینجمنٹ سسٹم میںکورونا وائرس کی وبا کے تدارک کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور تازہ ترین معلومات شئیر کریں

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی وخصوصی اقدامات اسد عمر کی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں ہدایت

جمعہ 29 مئی 2020 13:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی وخصوصی اقدامات اسدعمر نے ہدایت کی ہے کہ عوامی سہولت کیلئے تمام صوبے ریسورس مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) میںکورونا وائرس کی وبا کے تدارک کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور تازہ ترین معلومات شئیر کریں۔ وہ جمعہ کو اپنی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس میں کورونا وائرس کی وباء کے پس منظر میں تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ ریسورس مینجمنٹ سسٹم (آ ر ایم ایس) کورونا وائرس کے حوالے سے ملک کے ہر شہری کو ہسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز سمیت دیگر سہولیات کے بارے تازہ ترین معلومات فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

فورم کے شرکاء نے اس نظام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ ،وزیراعظم کے معاون صحت ڈاکٹر ظفرمرزا، وزیر اعظم کے کورونا وائرس کے فو کل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان، وزیر اعظم کی مشیر برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس، وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، کوارڈینیٹر این سی او سی لیفٹیننٹ جنرل حمودا لزمان خان ،صوبائی چیف سیکرٹریز ،آزاد جموں و کشمیر ،گلگت بلتستان کے نمائندگان سمیت اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔