کورونا وائر س ختم نہیں ہورہا اس میں شدت آرہی ہے ،

کورونا مر یضوں اور اموات میں بھی خطر ناک حد تک اضافہ ہورہا ہے ، عوام کورونا کو سنجیدہ لینے کو تیار نہیں،ماضی میں طیارہ حادثہ سمیت دیگر اہم واقعات کی انکوائری رپورٹس قوم کے سامنے نہیں آئیں مگر وزیراعظم کا وعدہ ہے پی آئی اے طیارہ حادثہ تحقیقات کی رپورٹ نہ صرف پبلک کے سامنے لائیں گے بلکہ ذمہ داروں کے خلاف ایکشن بھی ہوگا گور نر پنجاب کی پی آئی اے طیارہ حادثہ کے شہید انعم خان کے گھر آمد کے موقع پر تعزیت ومیڈیا سے گفتگو

جمعہ 29 مئی 2020 21:39

کورونا وائر س ختم نہیں ہورہا اس میں شدت آرہی ہے ،
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ کورونا وائر س ختم نہیں ہورہا اس میں شدت آرہی ہے کورونا مر یضوں اور اموات میں بھی خطر ناک حد تک اضافہ ہورہا ہے مگر اسکے باوجود عوام کورونا کو سنجیدہ لینے کو تیار نہیں اگر حالات یہی رہے تو پاکستان کا صحت کا نظام اس کو برداشت نہیں کر سکے گا ۔

ماضی میں طیارہ حادثہ سمیت دیگر اہم واقعات کی انکوائری رپورٹس قوم کے سامنے نہیں آئیں مگر وزیراعظم کا وعدہ ہے پی آئی اے طیارہ حادثہ تحقیقات کی رپورٹ نہ صرف پبلک کے سامنے لائیں گے بلکہ ذمہ داروں کے خلاف ایکشن بھی ہوگا حکومت ہر معاملے پر شفافیات اورمیرٹ کو 100فیصد یقینی بنا رہی ہے۔ وہ جمعہ کے روز لاہور میں پی آئی اے طیارہ حادثہ میں شہید ہونیوالی انعم خان کے اہل خانہ سے اُن کی رہائش گاہ پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے انعم خان کے اہل خانہ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت مالی امداد سمیت آپ سے مکمل تعاون کر ے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ طیارہ حادثہ کیس پر جتنا بھی افسوس کا اظہار کیا جائے وہ کم ہے پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے غم میں بر ابر کی شر یک ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کورونا سے ہونیوالی ہلاکتوں اور طیارہ حادثہ کے شہداء کی وجہ سے پاکستان بھر میں عید سادگی کیساتھ منائی گئی ہے ہم سب شہداء کے خاندانوں کیساتھ کھڑے ہیں اور انشاء اللہ حکومت وعدے کے مطابق طیارہ حادثہ معاملے کی مکمل طور پر شفاف تحقیقات کر رہی ہے اور اس تحقیقات میں نہ صرف پاکستان سے بلکہ بیرون ممالک سے بھی ماہر ین شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ پاکستان کے دولخت ہونے سمیت بہت سے حادثات کے حوالے سے کمیشن بنے مگر اسکے نتائج سے عوام بے خبر ہی رہے ہیں مگر اب کسی صورت ایسا نہیں ہوگا طیار ہ حادثہ کی تحقیقات کو قوم کو سامنے لایا جائیگا۔ گور نر پنجاب نے کورونا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم عید سے پہلے سے عوام کو کہہ رہے ہیں کہ مارکیٹس اور دکانیں وغیر کھولنے کی اجازت دینے کا یہ مطلب نہیں کہ کورونا ختم ہو چکا ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ ہر گزرتے دن کیساتھ کورونا کے کیسوں اورکورونا سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جسکی بنیادی وجہ یہ ہے کہ عوام حکومت اورڈاکٹرز کی بار بار کی ہدایات کے بعد کورونا سے بچائو کیلئے حفاظتی اقدامات کو یقینی نہیں بنا رہی قوم کو یہ سمجھنا ہوگا کہ کورونامیں جس تیزی کیساتھ شدت آرہی ہے یہ ملک وقوم کیلئے انتہائی خطر ناک ہوگا اور پاکستان کاصحت کا شعبہ ان حالات کا مقابلہ نہیں کر سکے گا اس لیے ہمارے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ پاکستان کو کسی بڑے سانحہ سے بچانے کیلئے عوام اور بزنس کیمونٹی سمیت تمام شعبوں میں کام کر نیوالے لوگ کورونا سے بچائو کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل کر یں ورنہ کوروناسے ہونیوالی ہلاکتوں کے ذمہ دار ہم سب22کروڑ پاکستانی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون میں نر می یا سختی کے حوالے سے وفاقی حکومت تمام صوبوں اور اداروں کیساتھ ملکر پالیسی بنا رہی ہے اور حکومت عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے اپنی ذمہ داری بھی پوری کر رہی ہے۔