چین، امریکہ سرد جنگ نئی عالمی صف بندی میں اہم کردار ادا کرے گی، پیر اعجاز ہاشمی

جمعہ 29 مئی 2020 23:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2020ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اورنائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کی دوستی مثالی ہے۔ دونوں ہمسایہ ممالک نے مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ۔چین اور امریکہ کے درمیان جاری سرد جنگ دنیا میں آنے والے دنوں میں کئی تبدیلیوں کا باعث ہونے کے ساتھ نئی عالمی صف بندی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

لداخ میں چین کے ہاتھوں بھارت کی درگت پاکستان کے لیے اطمینان بخش ہونے کے ساتھ ہمارے لئے جاگتے رہنے کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے کی ویک اپ (wake up)کال بھی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا کے بدلتے حالات کے مطابق ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرے۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مستقل طور پراسے کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے اپنے دوستوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔

عالمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترکی ، ایران اور ملائیشیا کے ساتھ مضبوط تعلقات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے، مگر افسوس ہم امریکی غلامی کی تمام حدیں پار کرتے جا رہے ہیں۔ ہمیں آزاد خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے تاکہ اپنے ملک کا دفاع کرسکیں اور عالمی ایشوز میں اپنا موثر کردار ادا کرسکیں۔پیراعجاز ہاشمی نے کہا کہ عالمی حالات اب اس حد تک پہنچ گئے ہیں کہ پاکستان کو خود اپنے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، افسوسناک اور شرمناک ناکامی ہے کہ اقوام متحدہ میں کشمیر اور اسلاموفوبیا پر او آئی سی کے نمائندوں پر مشتمل گروپ تشکیل نہیں دیا جا سکا ۔

حالانکہ اسلامی غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام کے خلاف پائی جانے والی نفرت کے خلاف اور اتحاد امت کی خاطر اکٹھے ہونا چاہیے تھا۔ مگر عرب ممالک میں سے وہ کچھ ختم ہوتا جارہا ہے، جسے غیرت و حمیت کہتے ہیں۔ ان میں اسلامی قومیت بھی نظر نہیں آرہی۔دنیا کے تمام مسائل حل ہوگئے مگر مسلمانوں کے خطے کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ 58 اسلامی ممالک کی اقوام متحدہ میں موجودگی کے باوجود حل نہ ہونا باعث شرمندگی ہے ۔