سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں میں اضافے کا اعلان کردیا

یکم جون سے 40 سے 45 فیصد پروازوں کو بحال کر دیا جائے گا، پروازیں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سے آپریٹ ہوں گی

muhammad ali محمد علی جمعہ 29 مئی 2020 23:53

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں میں اضافے کا اعلان کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2020ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں میں اضافے کا اعلان کردیا، یکم جون سے 40 سے 45 فیصد پروازوں کو بحال کر دیا جائے گا، پروازیں اسلام آباد لاہور، کراچی ، پشاور اور کوئٹہ سے آپریٹ ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق عید سے قبل اندرون ملک پروازوں کا سلسلہ شروع کیے جانے کے بعد اب مقامی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے جمعہ کے روز سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔ جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈائون کے بعد ملک میں 20 سے 22 فیصد اندرون ملک پروازیں بحال کی گئی تھیں ۔ جبکہ اب نئے حکم نامے کے مطابق 40 سے 45 فیصد پروازوں کو بحال کیا جارہا ہے ۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پروازوں میں اضافے کا فیصلہ عوامی مطالبے اور بڑھتی معاشی سرگرمیوں کے پیش نظر کیا گیا۔

(جاری ہے)

اندرون ملک پروازوں میں اضافہ یکم جون سے کیا جائے گا ۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اندرون ملک پروازیں اسلام آباد، لاہور، کراچی ، پشاور اور کوئٹہ سے آپریٹ ہوں گی ۔ دوسری جانب حکومت نے ملک کے تمام بڑے ہوائی اڈوں سے ملکی اور غیر ملکی فضائی کمپنیوں کو آئوٹ بائونڈ بین الاقوامی پروازوں کی اجازت بھی دیدی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت کے فیصلے کی روشنی میں شیڈولڈ، نان شیڈولڈ اور چارٹر آئوٹ بائونڈ بین الاقوامی پروازوں کی جمعہ کی رات 11 بج کر 59 منٹ سے پروازوں کی اجازت دیدی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گوادر اور تربت کے سوا ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے ملکی اور غیر ملکی فضائی کمپنیوں کو پروازیں چلانے کی اجازت ہو گی۔ اس سلسلے میں ایس او پیز پہلے ہی جاری کئے جا چکے ہیں۔ فضائی کمپنیاں ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی ذمہ دار ہوں گی۔ جہاز کی ڈس انفیکشن کو یقینی بنایا جائے گا اور ہوائی اڈوں پر مسافروں کے ایک جگہ اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ وضاحت کی گئی ہے کہ صرف پاکستان سے غیر ملکی شہروں کے لئے آئوٹ بائونڈ پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ فضائی کمپنیاں مسافروں کے بغیر بھی پاکستان کے لئے پرواز کر سکتے ہیں اور وہ پاکستان سے بین الاقوامی شہروں کے لئے مسافر لے جا سکتے ہیں۔