پنجاب میں نجی اسکولوں کو ہفتے میں دو بار کھولنے کی اجازت

جون میں ہر ہفتے پیراور منگل کوایس اوپیزکے تحت انتظامی امور چلانے کے لیے دفاترکھولنےکی اجازت ہوگی، صوبائی محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 30 مئی 2020 10:11

پنجاب میں نجی اسکولوں کو ہفتے میں دو بار کھولنے کی اجازت
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-30مئی2020ء) پنجاب میں نجی اسکولوں کو ہفتے میں دو بار کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق جون میں ہر ہفتے پیراور منگل کوایس اوپیزکے تحت انتظامی امور چلانے کے لیے دفاترکھولنےکی اجازت ہوگی۔ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے خود اس بات کی تصدیق کی ہے کہ صوبے بھر میں دو دن نجی اسکولوں کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ نجی اسکولوں کو دفاتر کھولنے کی اجازت فیسوں کی وصولی اوراساتذہ کی تنخواہوں کو تقسیم کیلئے دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو 15 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

7 مئی کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں یہ بھی اعلان کیا گیا تھا کہ ملک بھر میں ہونے والے بورڈ امتحانات کو منسوخ کر دیا جائے گا۔

وزیرتعلیم نے بتایا تھا کہ اگلی جماعت میں پروموشن گزشتہ نتائج اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جائے گی۔شفقت محمود نے کہا تھا کہ چھٹیوں کوموسم گرما کی تعطیلات سمجھا جائے۔ اگر کورونا وائرس کا مسئلہ حل ہوگیا تو تعلیمی ادارے جون میں دوبارہ کھل جائیں گے۔ تا ہم حکومتی فیصلوں کو بعد میں اسکول مالکان کی جانب سے ماننے سے انکار بھی کر دیا گیا تھا اور ان سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اسکول کھول دیں۔

نجی اسکول مالکان نے حکومت کی فیس میں کمی کی تجویز کو بھی مسترد کر دیا تھا جس کے بعد دونوں فریقین ایک صفحے پر نظر نہیں آ رہے تھے۔ لیکن اب صوبائی وزیرتعلیم نے خود اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پنجاب میں نجی اسکولوں کو ہفتے میں دو بار کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق جون میں ہر ہفتے پیراور منگل کوایس اوپیزکے تحت انتظامی امور چلانے کے لیے دفاترکھولنےکی اجازت ہوگی۔