ضلعی انتظامیہ '' تمباکو سے پاک شہر'' بنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

اتوار 31 مئی 2020 22:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2020ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارالحق نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو تمباکو نوشی جیسی موذی وباء اور تمباکو و نکوٹین کے استعمال سے بچانے اور '' تمباکو سے پاک شہر'' بنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی اور اس حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، 31مئی انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جاری پالیسی کے تحت انسداد تمباکو نوشی کے قوانین پرسختی سے عمل درآمد کروانے کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمباکو اور اس سے اخذ کردہ اشیاء کے اشتہارات، تشہیر، فروغ اور سپانسر شپ پر پابندی کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ تمباکو نوشی اور اس کے دھویں سے پاک صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ تمباکو اور اس سے اخذ کردہ تمام اشیاء کے فروخت کی جگہ ، ریٹیلرز اور دوکان کے اندر اور باہر یا کسی بھی جگہ پر پوسٹر، پینٹنگ اور پیپر،پلاسٹک یا کپڑے کے بنے بینر لگانے، سکرین ڈسپلے،الیکٹرک ڈسپلے اور ہر طرح کے مواد کے ذریعے سے تشہیر پر پابندی ہے، اس کے علاوہ فکسڈاور موبائل بلبورڈ، سوفٹ یا ہارڈ بورڈکے لگانے پر بھی پابندی ہے جبکہ کپڑے، گارمنٹس پر برانڈنگ کے ذریعے تشہیر پر بھی پابندی ہے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پرنٹ میڈیا جس میں اخبارات، میگزین، میعادی رسالہ جات اور ہر طرح کی پرنٹ شدہ اشاعت، سینما اور تھیٹر جس میں چھوٹے سینما تھیٹر،کیبل ٹیلی ویژن اور محدود سرکٹ ٹیلی ویژن پر تمباکو اور اس سے اخذ کردہ تمام اشیاء کی تشہیر پر پابندی کو یقینی بنانے کے لئے مزید عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :