Live Updates

26 نومبر احتجاج کیس؛ علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

عمران خان کی ہمشیرہ کے وکیل محمد فیصل ملک نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی

Sajid Ali ساجد علی منگل 14 اکتوبر 2025 12:08

26 نومبر احتجاج کیس؛ علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے 26 نومبر احتجاج کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، اس سلسلے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں تھانہ صادق آباد میں 26 نومبر کے گھیراؤ جلاؤ کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ کی جانب سے کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ سماعت کے دوران عدالت نے علیمہ خان کی طرف سے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان کی ہمشیرہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے، علیمہ خان کے وکیل محمد فیصل ملک نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی، سماعت کے دوران پراسیکیوٹر ظہیر شاہ عدالت میں پیش ہوئے، علیمہ خان کی نمائندگی ان کی قانونی ٹیم میں شامل محمد فیصل ملک اور حسنین سنبل نے کی، مقدمے میں علیمہ خان و دیگر شریک ملزمان پر فردِ جرم کی کارروائی آج مکمل نہ ہوئی اور عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے گزشتہ سماعت پر ہفتے کو انسداد دہشت گردی عدالت میںجج امجد علی شاہ نے 26نومبر احتجاج کیس پر سماعت کی علیمہ خان عدالت میں پیش ہوئیں جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے تھے، دورانِ سماعت صادق آباد احتجاج کیس میں علیمہ خان پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی تھی کیوں کہ انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ’میرے وکیل موجود نہیں ہیں لہٰذا کارروائی مؤخر کی جائے ‘، بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے وکیل نہ ہونے پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر تے ہوئے 2 غیر حاضر ملزمان عاطف ریاض اور اکرام کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات