پولیس تھانہ ڈی ٹائپ فیصل آباد کے علاقہ میں پولیس مقابلہ ، جنرل سٹور پرڈکیتی کی واردات کرکے فرار ہونے والے ڈاکوؤں میں سے ایک ڈاکو شدید زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، گرفتار ڈاکو سے جنرل سٹور سے لوٹی گئی نقدی، دوکاندار کا شناختی کارڈ ، موبائل ،اسلحہ اور دیگر سامان برآمد

منگل 2 جون 2020 12:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) پولیس تھانہ ڈی ٹائپ فیصل آباد کے علاقہ میں پولیس مقابلہ کے دوران جنرل سٹور پرڈکیتی کی واردات کرکے فرار ہونے والے ڈاکوؤں میں سے ایک ڈاکو شدید زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا جبکہ اس کا دوسرساتھی ا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیانیز گرفتار ڈاکو جس کی شناخت بعد ازاں سلیمان گجر ولد محمدارشد قوم گجر سکنہ گلی نمبر4/12سہیل آباد ڈی ٹائپ کالونی فیصل آباد کے نام سے ہوئی ہے سے جنرل سٹور سے لوٹی گئی نقدی، دوکاندار کا شناختی کارڈ ، موبائل ،اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیاگیاہے۔

سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ایس ایچ او پولیس تھانہ ڈی ٹائپ فیصل ۱ٓباد اپنے عملہ کے ہمراہ معمول کی گشت پر تھے کہ انہیں اطلاع ملی کہ دوموٹرسائیکل سوار ڈاکو ایک جنرل سٹور پر ڈکیتی کی واردات کرکے فرار ہورہے ہیں جس پر ڈاکوؤں کا پیچھا کرکے انہیں روکنے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ حفاظت خود اختیار ی کے تحت پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں ایک ڈاکو جس کی شناخت سلیمان گجر ولد محمدارشد قوم گجر سکنہ گلی نمبر4/12سہیل آباد ڈی ٹائپ کالونی فیصل آباد کے نام سے ہوئی ہے شدید زخمی ہوگیا جسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا ہے تاہم اس کا دوسرا ساتھی تاریکی کافائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ شدید زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ڈاکو سے جنرل سٹور سے لوٹی گئی نقدی، دوکاندار کا شناختی کارڈ ، موبائل ،اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیاگیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ گرفتار ڈاکو کا ریکارڈ چیک کیاجارہا ہے جس کے بعد مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔