سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کے بیٹے، اہلیہ اور دیگر دو خواتین میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 2 جون 2020 19:07

سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 جون2020ء) سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کے بیٹے، اہلیہ اور دیگر دو خواتین میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے۔ رہنما پیپلز پارٹی کے ترجمان نجیب ابڑو نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی کی تشخیص کے بعد مولا بخش چانڈیو کو ان کے اہل خانہ سمیت گھر کے اندر ہی قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سندھ اسمبلی کے رکن اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنما معظم علی عباسی کے بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے قبل انہوں نے ٹیسٹ کروایا تھا جس کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آج ملک بھر میں کورونا کے چوبیس گھنٹوں کے دور ان ریکارڈ چار ہزار کے قریب نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 76سے تجاوز کر گئی جبکہ مزید 78افراد زندگی کی باز ہار گئے جاں بحق افراد کی تعداد 1621ہوگئی ۔

منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے کورونا وائرس کے تازہ اعدادو شمار جاری کر دیئے جس کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے 78 اموات ہوئیں ،ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 1621 ہوگئی۔ این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی سب سے زیادہ 29647 ہوگئی، پنجاب میں 27850 کیسز رپورٹ ہوئے ،کے پی میں 10485، بلوچستان میں 4514 کیسز رپورٹ ہوئے ۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2893، گلگت میں 738 اور آزاد کشمیر میں 271 کیسز رپورٹ ہوئے ،پنجاب میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات 540 ہوگئیں،سندھ میں 503، کے پی میں 482 اموات ہوگئیں،بلوچستان میں 49 ، گلگت میں 11 اسلام آباد میں 30 اور آزاد کشمیر میں 6 اموات ریکارڈ ہوئیں ۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا سے متاثرہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 27 ہزار سے زائد ہوگئی، چوبیس گھنٹوں میں 16548 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کئے گئے، ملک بھر میں ابتک 5 لاکھ 78 ہزار کے قریب کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے۔