اداروں کی بربادی کے ذکر پر شریفوں اورحواریوں کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا،شہباز گل

بد انتظامی، اقربا پروری کی جو داستانیں آپ رقم کرکے گئے کفارہ قوم ادا کر رہی ہے،ہم آپ کو بھی بھولنے نہیں دیں گے یہ تو ہوگا، اب برداشت کریں،معاون خصوصی

منگل 2 جون 2020 23:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہاہے کہ جب بھی اداروں کی بربادی، کرپشن کا ذکرہوگا، شریفوں اورحواریوں کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا، بد انتظامی، اقربا پروری کی جو داستانیں آپ رقم کرکے گئے کفارہ قوم ادا کر رہی ہے،ہم آپ کو بھی بھولنے نہیں دیں گے یہ تو ہوگا، اب برداشت کریں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ کوئی ایک ادارہ جو آپ کے آقائوں نے 3 باریوں میں ٹھیک کیا ہو ،جب صحت تعلیم خصوصاً وینٹی لیٹرز کا نام لیا کریں تو کم ازکم آئینہ ضرور دیکھ لیا کریں،پمز کو 24 وینٹی لیٹرز اور 30 ڈیجیٹل سکرینیں فراہم کی جا چکی ہیں، آپ کو باقی ساری معلومات ہوں گی سوائے اس کے کہ22 کروڑ لوگوں کیلئے کتنے وینٹی لیٹرز آپ چھوڑ کر گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ اللہ کی شان ہے کہ مریم اورنگزیب اب مینجمنٹ پر بھی گفتگو فرمائیں گی،فرما رہی ہیں کہ کم دباوسے زیادہ دباو والے ہسپتالوں میں منتقل کرنا غلط پالیسی ہے، مریم اورنگزیب کی لاجک سن کر ان کی بات پر یقین آجاتا ہے کہ نوازشریف ایک نشہ ہے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہاکہ صحت کے نظام پر بات کرنے سے پہلے ضرور بتایا کریں نوازشریف کو باہر سے علاج کروانا پڑ رہا ہے، آپکی لوٹ مار بڑا ثبوت کہ نوازشریف کو پلیٹ لیٹس کی تعداد بیرون ملک سے پوری کروانا پڑرہی ہے،آپ کو یہ طعنہ روز سننے کو ملے گا، حوصلہ رکھیں۔