عدالت میں ہلڑبازی پر ضمانت کا حکم واپس بھی لے سکتے ہیں. ہائی کورٹ کا اظہار برہمی

شہباز شریف کورونا کا بہانہ کرتے رہے ہیں‘کیا عدالت میں وائرس کا خطرہ نہیں تھا. فیاض الحسن چوہان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 3 جون 2020 14:47

عدالت میں ہلڑبازی پر ضمانت کا حکم واپس بھی لے سکتے ہیں. ہائی کورٹ کا ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 جون۔2020ء) لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی منظوری کے بعد کمرہ عدالت میں لیگی وکلاءکی نعرے بازی پر جسٹس طارق عباسی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے تقدس کا خیال نہ رکھا گیا تو ضمانت کی منظوری کا حکم واپس بھی لے سکتے ہیں. لاہور ہائیکورٹ میں شہباز شریف کی آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس طارق عباسی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی‘عدالت نے درخواست کی سماعت کے بعد نیب کو 17 جون تک شہباز شریف کی گرفتار ی سے روک دیا ہے‘عدالتی فیصلے کے بعد کمرہ عدالت میں لیگی وکلاءکی جانب سے نعرے بازی کی گئی جس پرجسٹس طارق عباسی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ جو عدالتی تقدس کا خیال نہیں کر رہے انکو بتا دیں حکم واپس بھی لے سکتے ہیں.

عدالت کے اظہار برہمی پر امجد پرویز نے وکلاءاور کارکنوں کو خاموشی اختیار کرنے کی ہدایت کی ، اس موقع پر وکیل مسلم لیگ لائرز فورم نے کہا کہ سادہ کپڑوں میں ایجنسیوں کے افراد ہیں جو نعرے بازی کر رہے ہیں. جسٹس طارق عباسی نے انہیں جواب دیا کہ سادہ کپڑوں میں بھی آپ کی پارٹی کے ہی لوگ ہیں، انہوں نے کہا کہ کمرہ عدالت میں نعرے بازی کرنے پر ہم آرڈر میں ایک پیرا بھی لکھوا سکتے ہیں‘ عدالت کے اظہار برہمی پر کمرہ عدالت میں موجود لیگی وکلاءاور کارکنوں نے خاموشی اختیار کر لی.

دوسری جانب پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی عدالت پیشی پر کہا کہ کیا آج عدالت میں کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ نہیں تھا ؟وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف کی عدالت میں پیشی کے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کورونا کا بہانہ کرتے رہے ہیں. عدالت نے ان کی ضمانت منظور کی ہے اور ہم عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیںانہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی 17 جون تک ضمانت منظور ہوئی ہے لیکن آگے وہ کیا کریں گے کیونکہ تاریخ نے تو گزرنا ہے.

انہوں عدالت میں پہلی پیشی پر ضمانت دی جاتی ہے لیکن عدالت دوسری پیشی پرمیرٹ کو دیکھے گی فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف نے 14 روز قرنطینہ میں رہنے کے بعد بھی کمرے میں رہنے کو ترجیح دی دوسری جانب مسلم لیگ نون کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شہباز شریف سے متعلق وزیر اطلاعات پنجاب کا بیان قابل مذمت ہے فیاض الحسن چوہان شہباز شریف کے متعلق نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہرعمل کا ایک ردعمل ہوتا ہے اور اگر آپ نیب کو استعمال کریں گے تو ایسا ہی ہو گا۔

(جاری ہے)

بڑی تعداد میں کارکن عدالت پہنچ گئے تھے.

انہوں نے کہا کہ ہم نے کارکنوں کو نہیں بلایا تھا تاہم یہ تو ٹریلر ہے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیامسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے پر خوشی ہے جبکہ شیخ رشید کی باتوں کو سنجیدہ نہ لیں وہ ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں.