ای سی سی نے آمدی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاو سے محفوظ رہنے کے مختلف مواقعوں کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی

وزارت توانائی، مسابقتی کمیشن اوراوگرا کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے مناسب سٹاک اور پیٹرولم پمپوں تک باقاعدگی سے ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت

بدھ 3 جون 2020 21:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آمدی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاو سے محفوظ رہنے کے مختلف مواقعوں کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ۔ بدھ کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں برآمدی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاو سے محفوظ رہنے کے مختلف مواقعوں کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔

کمیٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں پاکستان سٹیل ملز کے انسانی وسائل میں بہتری کی حکمت عملی پر عمل درآمد کرنے کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

مختلف شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کی خبروں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ای سی سی نے وزارت توانائی، مسابقتی کمیشن اوراوگرا کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے مناسب سٹاک اور پیٹرولم پمپوں تک باقاعدگی سے ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں سنگل پوائنٹ موررنگ کی سہولت کی تعمیر پر بائیکو کو عملی لاگت کی ادائیگی کی منظوری دی۔کمیٹی نے سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت وزارت خزانہ کو گیس فیلڈز کے پانچ کلومیٹر کے علاقے کے قریب واقع دیہاتوں کو گیس سپلائی کیلئے ایک ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وزارت خزانہ کو بجلی پیدا کرنے والے آزاد اداروں کو وصول نہ ہونے والی مقررہ لاگت کی مد میں تئیس ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی۔کمیٹی نے مختلف وزارتوں اور اداروں کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی مد میں بارہ تجاویز کی منظوری دی۔