وفاقی،صوبائی اور بلدیاتی حکومت نے عام عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، شبیر قائم خانی

آج بھی حیدرآباد میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سبب اور ٹرانسفارمر اور تار گرنے کی وجہ سے ہفتوں بجلی غائب رہتی ہے، پریس کانفرنس

جمعرات 4 جون 2020 00:03

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) پاک سر زمین پارٹی سندھ کونسل کے صدر شبیر احمد قائم خانی نے کہا ہے کہ وفاقی،صوبائی اور بلدیاتی حکومت نے عام عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، آج بھی حیدرآباد میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سبب اور ٹرانسفارمر اور تار گرنے کی وجہ سے ہفتوں بجلی غائب رہتی ہے حیسکو افسران کی کرپشن کے باعث محکمہ تباہ حال اور عوام پریشان ہیں، کئی علاقوں میں ہفتوں پانی نہیں آتا،پانی کی لائنیں بوسیدہ ہونے کی وجہ سے سیوریج کا پانی شامل ہونے کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

وہ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ڈویژنل صدر ندیم قاضی،نائب صدر شعیب جعفری و ارکان ڈویژن بھی موجود تھے، شبیر قائم خانی نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران چھوٹے تاجروں اور روزی کمانے والوں کو پولیس نے ہراساں کیا اور ڈنڈے برسائے، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لئے تین دن کاروبار زندگی بند اور چار دن کھولنے کا اعلان مضحکہ خیز ہے،چار دن کاروبار کھلنے سے زیادہ رش ہو گا اور وائرس تیزی سے پھیلے گا، انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ بند نے سے اس سے وابستہ لاکھوں لوگ بیروزگار ہیں، عام عوام غم و دیگر معاملات کے لئے پریشان،رکشوں،کاروں اور بائیک پر مہنگے داموں سفر کرنے پر مجبور ہیں، انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپس تین دن سے بند ہیں عوام پیٹرول کے لئے پریشان جبکہ ضلعی انتظامیہ غائب ہے، انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے عوامی مسائل کو ایوانوں میں آواز اٹھائیں اور لفاظی سے گریز کریں،لاک ڈاون سے متاثرہ لاکھوں لوگوں کو مئیر حیدرآباد کا کردار نظر نہیں آیا ہے، عوامی نمائندے ، مئیر،چیئرمین عوامی مسائل حل کرنے کی عملی جدوجہد کرنے کے لئے اپنے دفتروں،گھروں سے نکلیں، پی ایس پی ان کے پیچھے کھڑی ہو گی، شبیر قائم خانی نے کہا کہ پی ایس پی فاونڈیشن و دیگر این جی اوز نے اپنے محدود وسائل کے ساتھ رات دن عوام کی خدمت کی لیکن حکومت و بلدیاتی نمائندے کہیں نظر نہیں آئے۔