ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ڈیٹ ریلیف تجویز کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے، مخدوم شاہ محمودقریشی

ہفتہ 6 جون 2020 16:54

ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے وزیر اعظم عمران خان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ڈیٹ ریلیف تجویز کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔یہ بات انہوں نے آج ہفتہ کو وزارت خارجہ میں سابقہ خارجہ سیکریٹریز کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں کرونا وبا کی صورتحال اور اس کے معاشی مضمرات، مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کرونا عالمی وبائی چیلنج نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں پر اس وبا کے اثرات انتہائی شدید نوعیت کے ہیں۔

(جاری ہے)

کرونا وبائی صورت حال کے معاشی مضمرات سے نمٹنے اور ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ڈیٹ ریلیف تجویز کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو کرفیو کے نام پر بھارتی استبداد کا سامنا کرتے 10 ماہ گزر چکے ہیں، کرونا وبا کے بعد مظلوم کشمیری دوہرا لاک ڈاؤن بھگت رہے ہیں۔بھارت کی جانب سے لاین آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور معصوم کشمیریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ہندوستان دانستہ طور پر خطے کا امن و امان تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے عالمی برادری کو ہندوستان کے اس جارحانہ رویے کا فوری نوٹس لینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈومیسائل قوانین میں ترمیم کے ذریعے، آبادیاتی تناسب کی تبدیلی کا قدم ،اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور صدر سیکورٹی کونسل کو بذریعہ خط ہندوستان کے ان عزائم سے آگاہ کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ نے سابقہ خارجہ سیکریٹریز کو، صدر سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے،اپنے حالیہ خط کے مندرجات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں افغان امن عمل ،خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت اہم خارجہ پالیسی امور پر، مشاورت کی گئی۔وزیر خارجہ نے، خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے سابقہ خارجہ سیکریٹریز کی گراں قدر تجاویز پر، ان کا شکریہ ادا کیا۔