سرسید یونیورسٹی کے اساتذہ کو آن لائن ایجوکیشن کی تربیت دینے کے لیے دو روزہ آن لائن ٹریننگ ورکشاپ

جمعرات 18 جون 2020 16:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2020ء) عالمی وبا کرونا کے نقصان دہ اثرات کے پیش نظر ہائرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان اور حکومت سندھ کی ہدایات پر سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے کیمپس میں اساتذہ کو آن لائن ایجوکیشن کی تربیت دینے اور طلباء کو تعلیمی نقصان سے بچانے لیے لرنگ مینیجمنٹ سسٹم Learning Managment System (LMS) کا اطلاق کیا ہے۔

اس ضمن میں آن لائن لیکچرزاورورچوئل کلاسیز کے لیے فیکلٹی کو تیار کرنے کے لیے دو روزہ ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام شعبہ جات کے سربراہان نے حصہ لیا۔۔بعد ازاں اس ٹریننگ ورکشاپ کی روشنی میں متعلقہ شعبہ جات کے تربیت یافتہ سربراہ اپنے فیکلٹی ممبرز کی تربیت دیں گے۔کووڈ 19اور ہائرایجوکیشن کے ضابطوں کے پس منظر میں آن لائن ایجوکیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے طلباء کو اس وبائی بحران سے نکلنے کے بعد کے عالمی حالات کے لیے عملی طور پر تیار کریں۔

(جاری ہے)

اس کے لیے ضروری ہے کہ طلباء کو آن لائن تعلیم دینے کے لیے اساتذہ کی مناسب تربیت کی جائے۔ایک ٹی وی چینل کے ویڈیو لنک ٹاک شو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آن لائن ایجوکیشن پاکستان میں مروجہ روایتی طرز تعلیم سے یکسر مختلف ہے۔ آن لائن ایجوکیشن کے تقاضے اور ٹیکنیک بالکل الگ ہے۔ہمارے اساتذہ پرانے طرز تعلیم کے عادی ہیں اور انھیں جدید آن لائن ایجوکیشن کی طرف راغب کرنا اور اس کے لیے انھیں تیار کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے ہائرایجوکیشن کے تعاون سے آن لائن کلاسوں کے معیار کو بڑھانے، ای لرنگ کی طرف طلباء کو مائل کرنے اور ملک کو درپیش بحران سے نمٹنے کے لیے قومی کوششوں میں بھرپور حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا۔