بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلائو میں انتہائی تیزی سے اضافہ، 17ہزار نئے مریضوں کے بعد متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 73 ہزار سے تجاوز کرگئی، 15 ہزار افراد ہلاک

جمعرات 25 جون 2020 12:51

بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلائو میں انتہائی تیزی سے اضافہ، 17ہزار ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2020ء) بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے پھیلائو میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں17ہزار نئے مریضوں کے بعد کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 73 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ جمعرات کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 15 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارتی وزارت صحت کے جاری اعدادو شمار کے مطابق ملک میںکورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 4,73,105 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید418 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 1,86,514 فعال کیسز ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 3,890 نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا اس دوران ریاست میں208 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

(جاری ہے)

ریاست مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1,42,900 اور ہلاک شدگان کی تعداد 6,739 ہوگئی ہے۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اور اموات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ دہلی میں کورونا وائرس کے 3,788 نئے مریض سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 70,390 ہوگئی ہے جبکہ دارالحکومت میں کورونا سے اب تک 2,365 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔