نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل کی گلگت میں علامہ سید راحت حسین الحسینی اور کور کمیٹی کے اراکین سے ملاقات

جمعہ 26 جون 2020 23:43

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2020ء) نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل نے گلگت میں علامہ سید راحت حسین الحسینی اور کور کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی، نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی اولین ترجیح علاقے میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنا اور بروقت صاف وشفاف انتخابات کرانا ہے اور معاشرے میں انصاف قائم کرنا ہے۔ انہوں نے علامہ سید راحت حسین الحسینی سے اپیل کی کہ وہ احتجاج کی کال واپس لے لیں۔

اس موقع پر علامہ سید راحت حسین الحسینی نے کہاکہ آپ گلگت بلتستان کے ایک ذمہ دار فرد ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے یہاں تشریف لائے اور ہمیں عزت دی جس پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ آپ صورتحال کا احساس کرکے یہاں آئے ہیں تو ہم آپ کی عزت کرتے ہیں اور اپنا احتجاج موخر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

علامہ سید راحت حسین الحسینی نے نگران وزیراعلیٰ میر افضل خان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ علاقے میں امن کو برقرار رکھنے، میرٹ کی بحالی اور معاشرے میں عدل وانصاف کو یقینی بنانے کیلئے نگران وزیراعلیٰ اور نگران حکومت سے مکمل تعاون کریں گے۔

اس موقع پر احتجاجی دھرنے ملتوی کرنے پر نگران وزیراعلیٰ میر افضل خان نے علامہ سید راحت حسین الحسینی اور سپریم کونسل کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ علامہ سید راحت حسین الحسینی نے جمعہ کے روز گورنر ہائوس کے باہرپرامن احتجاجی دھرنوں کا اعلان کیا تھا۔