قومی وطن پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا

حکومت نے تیل مافیا کیخلاف گھٹنے ٹیک دیئے ہیں ،کرونا وبا میں اپنی ناکامی چھپانے کیلئے مریضوں ، جاں بحق افراد کے متعلق غلط اعداد و شمار سامنے لا رہی ہے، آفتاب احمد شیر پائو

ہفتہ 27 جون 2020 22:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2020ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ناروااور بلاجواز اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے تیل مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حلقہPK-05سوات کے ممتاز سیاسی شخصیات شوکت علی خان اور انور اقبال بالے نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو ،صوبائی وائس چیئرمین عدنان وزیر،صوبائی کلچر سیکرٹری ڈاکٹر عالم یوسفزئی،ضلع سوات کے چیئرمین شیربہادرزادہ خان،جنرل سیکرٹری رضا اللہ ایڈوکیٹ،تل حیا ت خان ،امجد خان،نعمت اللہ خان ضلع کے دیگر عہدیدار اور پارٹی کارکن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپائونے کہا کہ حکومت کرونا وبا کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے لہٰذا اپنی ناکامی چھپانے کیلئے مریضوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کے متعلق غلط اعداد و شمار قوم کے سامنے لا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے مریضوں اور اس سے ہونے والی اموات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے لیکن ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔انھوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کا شوشہ بھی ایک سیاسی چال تھاکیونکہ لوگوں کو کسی قسم کی سہولیا ت فراہم نہیں کی گئی۔انھوں نے کہا کہ متنازعہ بیانات جاری کرنا عمران خان کا وطیرہ ہے۔انھوں نے کہا کہ عمران ایک نمائشی سربراہ حکومت ہے جس کا کسی بھی ادارے پر کنٹرول نہیں ۔

انھوں نے کہا کہ لوگ موجودہ حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں اور ان نااہل حکمرانوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے جلد سڑکوں پر نکلیں گے جس کی مثال پولیس حراست میں عام شہری پر کئے گئے تشدد کے خلاف لوگوں کا احتجاج ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس قابل مزمت واقعہ سے مثالی پولیس کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔انھوں نے حکومت کو تنبہہ کی کہ اگر اٹھارویں ترمیم کو چھیڑنے کی کوشش کی گئی تو حکومت نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے جس کا اندازہ چینی ،آٹا،پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قلت سے لگایا جا سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ عمران خان ایک سلیکٹڈ وزیر اعظم ہے اور وہ لوگ بھی موجودہ صورتحال کے برابر کے ذمہ دارہیں جنھوں نے ان کو حکومت کے ایوانوں تک پہنچایا۔