کورونا وائرس پر سب سے زیادہ غیر سنجیدگی دکھائی گئی،سید نوید قمر

حکومت نے اپنی ضروریات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں،سرچارج اور لیوی غیر آئینی اقدامات ہیں،ٹیکسز سرچارج اور لیوی لگانے کا اختیار واپس پارلیمنٹ کو دیا جائے، قومی اسمبلی میں خطاب

پیر 29 جون 2020 18:52

کورونا وائرس پر سب سے زیادہ غیر سنجیدگی دکھائی گئی،سید نوید قمر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پر سب سے زیادہ غیر سنجیدگی دکھائی گئی،حکومت نے اپنی ضروریات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں،سرچارج اور لیوی غیر آئینی اقدامات ہیں،ٹیکسز سرچارج اور لیوی لگانے کا اختیار واپس پارلیمنٹ کو دیا جائے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کورونا وائرس پر سب سے زیادہ غیر سنجیدگی دکھائی گئی۔ تقریر کے دور ان اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ آپ پہلے فیس شیلڈ ہٹا دیں پھر بات کریںجس کے بعد سید نوید قمر نے سپیکر کے کہنے پر منہ سے فیس شیلڈ ہٹا دی۔سید نوید قمر نے کہاکہ یہ ساری کارروائی ایک تھیٹر بن کر رہ گیا ہے ،یہاں سماجی فاصلوں کا خیال نہیں رکھا جارہا ہے ،حکومت لیوی سمیت تمام ٹیکسز کا اختیار اپنے پاس لے گئی ہے یہاں ہم خواہ مخواہ میں اٹھتے بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اوگرا کے کہنے پر نہیں بڑھائی گئی،حکومت نے اپنی ضروریات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں۔ سید نوید قمر نے کہاکہ سرچارج اور لیوی غیر آئینی اقدامات ہیں،ٹیکسز سرچارج اور لیوی لگانے کا اختیار واپس پارلیمنٹ کو دیا جائے۔ سید نوید قمر نے کہاکہ کاشتکاروں نے پیسٹی سائیدز کھادوں پر ٹیکسز کی کمی کی امید لگائی ہوئی تھی،پیسٹی سائیڈز اور کھادوں پر ٹیکس لگا دیا گیا۔

انہوںنے کہاکہ پٹرول کی قیمت بڑھے گی تو سیلز ٹیکس بھی بڑھے گا دیگر ٹیکسز بھی بڑھیں گے،لیوی ٹیکس غیر قانونی ہے فنانس بل سے ان خرافات کو نکالنا چاہیے تھا،عوام کو بجٹ سے بہت امیدیں وابستہ تھیں،کاشتکاروں کو امید تھی ،بجٹ میں ٹیکسز میں کمی ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے بلیک منی کو وائٹ کرنے کا راستہ کھول دیا ہے۔