محکمہ پولیس میں اصلاحات کے لئے قانون سازی اور تحقیق کے لئے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز

قومی اسمبلی، پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین کے 4 ورکنگ پارلیمنٹری گروپ تشکیل

جمعرات 2 جولائی 2020 13:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) امریکی ادارہ برائے امن (یو ایس آئی پی) کے پراجیکٹ پولیس عوام ساتھ ساتھ اور سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی) کے اشتراک سے محکمہ پولیس میں اصلاحات کے لئے قانون سازی اور تحقیق کے لئے پائلٹ پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ ایس ایس ڈی او نے قومی اسمبلی، پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین کے 4 ورکنگ پارلیمنٹری گروپ تشکیل دے دیئے ہیں، ایس ایس ڈی او اراکین پارلیمنٹ کو پولیس اصلاحات، قوانین کے موازنے، تحقیق کے لئے معاونت فراہم کرے گی۔

سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن(ایس ایس ڈی) کے ایگزیکٹوڈائریکٹر سید کوثر عباس نے گذشتہ روز میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی ادارہ برائے امن (یو ایس آئی پی) کے پراجیکٹ پولیس عوام ساتھ ساتھ اور سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی) کے اشتراک سے پائلٹ پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، اس سلسلے میں 4 مختلف پارلیمانی ورکنگ گروپ تشکیل دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی پارلیمان ورکنگ میں ریاض فیتیانہ، ملائکہ بخاری، رومینہ خورشید عالم، صداقت علی عباسی، نفیسہ عنائت خٹک، کنول شوذب، لال چند، شاندانہ گلزار خان، عاصمہ قدیر، کشور زہرہ اور شیخ راشد شفیق، سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹر میاں عتیق اور سینیٹر سجاد حسین طوری پر مشتمل ہے۔ پولیس اصلاحات کے لئے پنجاب اسمبلی پارلیمانی ورکنگ گروپ علی حیدر گیلانی، عون حمید ڈوگر، میاں محمد شفیع، رانا منان خان، راحیلہ خادم حسین، سیمابیہ طاہر، نوبزادہ وسیم بادوزئی، بشری انجم بٹ، سعدیہ سہیل رانا، کنول لیاقت، مومنہ وحید، عائشہ چوہدری، صہیب بھرتھ، اسوہ آفتاب ، قاسم عباس پر مشتمل ہے۔

پولیس اصلاحات کے لئے سندھ اسمبلی پارلیمانی ورکنگ گروپ عباس جعفری، سعید آفریدی، ارسلان تاج، عدیل احمد، نصرت سحر عباسی، سدرہ عمران، دیوان سچل، نوید اینتھی،شہزاد قریشی،ریاض حیدر، رابعہ خاتون ،ادیبہ حسن ، پیر مجیب الحق اور غزالہ سیال پر مشتمل ہے۔ پولیس اصلاحات کے لئے خیبرپختونخوا اسمبلی پارلیمانی ورکنگ گروپ عائشہ بانو، روی کمار، ساجدہ حنیف، شفیق آفریدی اور اسیہ بٹ پر مشتمل ہے۔

ایس ایس ڈی او ان تمام پارلیمانی ورکنگ گروپس کے ساتھ آن لائن سیشن میں پولیس اصلاحات کے حوالے سے ورکنگ پیپر تیاری بارے تبادلہ خیال کرے گی۔ پولیس ریفارمز کے لئے ممبران اسمبلی کا کردار انتہائی اہم ہے اور عوامی نمائندوں کے ذریعے ہی پولیس ریفارمز لائی جا سکتی ہیں۔ کو ثر عباس نے کہا کہ پولیس عوام ساتھ ساتھ کی مہم میں پولیس کے مثبت امیج پر کام کریں گے اور پولیس میں خواتین اور بچوں سے متعلق پولیسنگ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ پر کام کیا جائے گا، مقامی حکومتوں میں بھی پولیس ریفارمز کے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ممبران اسمبلی کے لئے ایک پوزیشن پیپر بھی مرتب کیا جا رہا ہے جس کا مقصد ممبران کو پولیس سے متعلق سفارشات مہیا کرنا ہے تا کہ وہ اسمبلی میں پولیس اصلاحات سے متعلق اپنا بہتر کردار ادا کر سکیں۔