پنجاب کابینہ کے اجلاس میں آٹے کی نئی قیمت کی منظوری دےدی

20 کلو کے تھیلے کی قیمت 850 روپے مقررکردی گئی‘صوبائی حکومت فلورملزکوایک ہزار475 روپے فی من کے حساب سے گندم فراہم کرے گی. پنجاب کابینہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 2 جولائی 2020 17:10

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں آٹے کی نئی قیمت کی منظوری دےدی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 جولائی ۔2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں آٹے کی نئی قیمت کی منظوری دے دی گئی، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 850 روپے مقررکردی گئی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فلور ملز کو قبل ازوقت گندم ریلیز کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی گندم کی عبوری پالیسی کی 2 ماہ کے لیے منظوری دی گئی.

(جاری ہے)

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلورملزکوایک ہزار475 روپے فی من کے حساب سے گندم فراہم کرے گی ویٹ پالیسی منظور ہونے سے 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے سے 850 روپے پرآگیا گزشتہ ماہ 23 جون کی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ پنجاب کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں. وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام سے متعلق جائزہ لیا گیا تھا، جبکہ فلور ملز کو گندم ریلیز کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا تھا اجلاس میں پنجاب کابینہ سے گندم ریلیز کرنے اور قیمت مقرر کرنے کی منظوری لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ منظوری کے بعد فلور ملز کو مقرر کردہ قیمت پر گندم فراہم کا فیصلہ کیا گیا تھا.

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائرموجود ہیں اور مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں استحکام کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے انہوں نے کہا تھا کہ آٹے کی قیمت میں استحکام کے لیے ہر ممکن آپشن کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا جبکہ پنجاب حکومت نے رواں سیزن کے دوران ریکارڈ گندم خریدی ہے. اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عام آدمی کی معاشی مشکلات کا ازالہ ہماری پہلی ترجیح میں شامل ہے انہوں نے کہاکہ پنجاب بجٹ میں کمزور طبقے کے تحفظ کے لیے اقدامات تجویز کیے گئے، جامع منصوبہ بندی کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا ہے.