پی ایس ایل کی جنرل کونسل کا اجلاس، ایچ بی ایل پی ایس ایل کے بقیہ 4 میچز کے انعقاد پر غور

جمعہ 3 جولائی 2020 01:50

پی ایس ایل کی جنرل کونسل کا اجلاس، ایچ بی ایل پی ایس ایل کے بقیہ 4 میچز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2020ء) پاکستان سپر لیگ کی جنرل کونسل کا آٹھواں اجلاس 2 جولائی بروز جمعرات ٹیلی کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق اجلاس میںفرنچائزز اور پی سی بی نے ایک بار پھر دہرایا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ء کے بقیہ 4 میچوں کا نومبر میں انعقاد ان کی سب سے پہلی ترجیح ہے‘ اس حوالے سے انہوں نے گورننگ کونسل کے سامنے کوئی تجویز رکھنے سے قبل اس پر مزید غور کرنے پر اتفاق کیا ہے کیونکہ کورونا وبا کے سبب تاحال کئی معاملات غیریقینی ہیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی اور تمام چھ فرنچائزز نے پی ایس ایل کی طویل مدتی نشو و نما کو یقینی بنانے اور مالی استحکام پیدا کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ باہمی تعاون کے فریم ورک پر اتفاق کیا ‘ یہ فیصلہ لیگ کے جاری جائزے کی بنیادپر کیا گیا ہے۔ گورننگ کونسل نے پاکستان سپر لیگ کو ایک آزاد شعبہ بنانے پر پی سی بی کو سراہا ہے‘ اس شعبے کی سربراہی پی ایس ایل کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کریں گے۔ اجلاس میں پی سی بی اور فرنچائزز نے پی ایس ایل ڈیپارٹمنٹ اور ٹیموں کے درمیان باقاعدہ رابطے کے فریم ورک پر اتفاق کیا ہے‘جس کا مقصد لیگ سے متعلق مختلف آپریشنل اور سٹریٹجک امور پرمشاورتی عمل کو تیز کرنا ہے۔