خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے خلاف صحت عملے نے بہترین کاوشیں کیں، تیمور سیلم جھگڑا

صوبے کے بڑے ہسپتالوں میں صرف 50فیصد بستر کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں، صوبائی وزیر صحت

ہفتہ 4 جولائی 2020 16:39

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے خلاف صحت عملے نے بہترین کاوشیں کیں، ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) صوبائی وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے خلاف صحت عملے نے بہترین کاوشیں کیں، صوبے کے بڑے ہسپتالوں میں صرف 50فیصد بستر کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں۔سرکاری ہسپتالوں میں آئی سی یوز بستروں کی تعداد جون میں 120 سے 175تک بڑھائی،اس ماہ کے آخر تک سرکاری ہسپتالوں میں آئی سی یو بستروں کی تعداد 330 ہو جائے گی۔

تمام ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس سمیت تمام فرنٹ لائن ورکرز خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک ہیلتھ لیبارٹری خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں منعقدہ تقر یب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے وباء کے دوران سب سے زیادہ تعاون کیا، سرکاری ہسپتالوں میں آکسیجن کی سہولت سے آراستہ بستروں کی تعداد جون میں 485 سے 712کر دی گئی،آئندہ ماہ آکسیجن بستروں کی تعداد 1540ہو جائے گی،اگست ستمبر میں سرکاری ہسپتالوں کی استعداد میں تین گنا اضافہ ہو جائے گا،آئندہ ماہ آئی سی یو اور ایچ ڈی یو بستروں کی تعداد 2 ہزار ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں کیسز میں کمی کی وجہ لوگوں کا ٹیسٹ نہ کرانا ہے، عید اور محرم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسی سال کورونا کیلئے فعال ہو جائے گا، اس وقت 22اضلاع میں ریپڈ رسپانس ٹیمیں گھر گھر جا کر ٹیسٹ کے نمونے لے رہی ہیں، صوبے کے شہری 1700پر کال کر کے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں،آئندہ ہفتے سے صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں کا دورہ کروں گا، پبلک ہیلتھ لیبارٹری خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے 20ٹیسٹ روزانہ سے آغاز کیا، اب 1500ٹیسٹ روزانہ ہو رہے ہیں، صوبے میں ٹیسٹنگ کی استعداد زیادہ ہے لیکن ڈیمانڈ کم ہو گئی ہے۔