موٹر وے پولیس نے مثالی سماجی خدمات و دیانتداری کے واقعات پر مبنی ویڈیو کلپ جاری کردیا

ہفتہ 4 جولائی 2020 17:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس اپنی پیشہ ورانہ خدمات کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ سماجی خدمت اور دیانتداری کی اعلیٰ مثالیں قائم کرنے میں بھی مصروف عمل ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے ان مثالی خدمات پر مبنی ایک ویڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں ان خدمات کے حوالے سے تفصیل بتائی گئی ہے۔

ایک واقعہ میں موٹروے پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے والے مسافر کی جان بچالی۔ فرائض کی انجام دہی کے دوران برہان کے قریب انسپکٹر خالد رحیم اور انسپکٹر نعمان معمول کے گشت پر تھے کہ انہوں نے سڑک کنارے ایک گاڑی کھڑی دیکھی۔ مدد کی غرض سے پاس گئے تو دیکھا کہ گاڑی میں ایک شخص دلدار احمد جس کی عمر تقریبا 55 سال تھی نیم بیہوشی کی حالت میں شدید تکلیف میں مبتلا تھا موقع کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے اسے فوری طور پر فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی اور ایمبولینس کے ذریعے مریض کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ مریض کو شدید دل کا دورہ پڑا تھا لیکن بروقت کاروائی کی بدولت جان بچ گئی ہے۔ ایک اور واقعہ میں رمیز نامی شخص کو فوری طبی امداد فراہم کرکے اس کی جان بچائی گئی جو شدید تکلیف کے باعث گاڑی سروس ایریا میں کھڑی کر کے بے ہوشی کی حالت میں سڑک پر لیٹا ہوا تھا، پولیس نے بروقت کارروائی کرکے اس کی سانسیں بحال کیں فوری طبی امداد سے رمیز کی جان بچ گئی۔

اس کے علاوہ ایک اور کارروائی کے دوران موٹروے پر بھیرہ کے قریب دوران پٹرولنگ موٹروے پولیس افسران نے ایک 12 سالہ بچے کو پریشان حال دیکھا معلومات لینے پر پتہ چلا کہ بچہ ذہنی طور پر مفلوج ہے اور گھر کا راستہ بھول چکا ہے۔صرف اپنا نام جانتا ہے اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹر وے پولیس نے نزدیکی علاقہ (بھیرہ) کی مساجد میں اعلان کروائے۔

یہ کوشش کارگر ثابت ہوئی اور بچے کے والد کا پتہ لگا لیا گیا، جس کے بعد بچے کو خیروعافیت اس کے گھر والوں کے حوالے کر دیا گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس انسپکٹر ثاقب وحید کے مطابق موٹروے پولیس نے ایمانداری کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ایک واقعہ میں گمشدہ بھاری رقم مالک تک پہنچا دی۔ حیات محمد ولد شیر محمد لاہور سے پشاور ایک نجی کمپنی کی بس میں سفر کر رہا تھا۔

جب بس ہکلا سروس ایریا پر رکی تو مسافر نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد گیا لیکن واپس آکر بس کو نہ پایا۔جس پر مسافر تشویش میں مبتلا ہوگیا کیونکہ بس میں اس کا بیگ رہ گیا تھا جس میں ساڑھے چار لاکھ سے زائد غیر ملکی کرنسی، دستاویزات اور دیگر سامان موجود تھا۔ پریشانی کے عالم میں مسافر نے 130 موٹروے پولیس ہیلپ لائن کے نمبر پر رابطہ کرکے سارا ماجرہ بیان کیا.اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس الرٹ ہو گئی اور پشاور کے قریب سب انسپکٹر اکرام اور سب انسپکٹر خالق نے بس کو روک کر بیگ برآمد کر کے مسافر کو اطلاع دی۔

بعد ازاں مسافر نے موٹروے پولیس کے کیمپ آ کر اپنا بیگ وصول کیا جس میں 453600 روپے مالیت کی ملائشین کرنسی ، شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر عام کاغذات موجود تھے۔مسافر نے اپنا بیگ وصول کرکے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان نے کہا کہ خدمت اور دیانتداری کا یہ جذبہ موٹر وے پولیس کا طرہ امتیاز ہے اسے ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا۔