اسد عمر آئسولیشن سینٹر و متعدی امراض ہسپتال کا دورہ،چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ دی

کوشش ہے وبا کا پھیلاؤ روکنے کے ساتھ روزگا ربھی چلتا رہے،اسد عمر کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 4 جولائی 2020 19:21

اسد عمر آئسولیشن سینٹر و متعدی امراض ہسپتال کا دورہ،چیئرمین این ڈی ..
اسلام اِباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2020ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات ترجیح ہیں، کوشش ہے وبا کا پھیلاؤ روکنے کے ساتھ روزگا ربھی چلتا رہے،چین کے تعاون سے قائم کئے گئے ہسپتال کا باضابطہ افتتاح وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے۔ہفتہ کے روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و اصلاحات اسد عمر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ہمراہ آئسولیشن سینٹر و متعدی امراض ہسپتال کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اور چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہسپتال میں سہولیات اور آپریشن کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا وبا کے پیش نظر اسلام آباد میں آسولیشن سنٹر اور متعدی امراض کا ہسپتال 45 دن میں تعمیر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چین کے تعاون سے قائم کئے گئے اس ہسپتال میں 250 آئسولیشن بیڈز ہیں اور تمام بیڈز پر ہائی فلو آکسیجن مہیا کی گئی ہے۔

چین نے ہسپتال کی تعمیر کے لیے 4 ملین ڈالرز مہیا کئے ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے ہسپتال میں مختلف یونٹس کا معائنہ بھی کیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا صورتحال میں بہتری آ رہی ہے، اگر احتیاط نہ کی تو پھر سزا ملے گی، وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے سپیشلائزڈ ہسپتال قائم کیا۔ انہوں نے کہا طبی عملے نے قومی جذبے کے تحت کورونا کا مقابلہ کیا، طبی استعداد کار میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں، عوام نے مشکل حالات میں ملک کیلئے پر خلوص جذبے سے کام کیا، ایس او پیز پر عمل ہوگا تو کاروبار بھی چلے گا اور لوگ بھی صحت مند رہیں گے۔

انہو ںنے مزید کہا کہ اسلام آباد میں کوروناسے نمٹنے کیلئے جدیدسہولیات سے آراستہ ہسپتال تیارکرلیاگیا،ہسپتال میں بیڈز کی استعداد میں اضافہ کیا ہے ،ہسپتال کا باضابطہ افتتاح وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے۔