ملک کے پسماندہ ترین ریجن میں موٹروے کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی

ایم 8 پر کام کا آغاز اولین ترجیح ہے، بلوچستان میں ہوشاب سے آواران تک 146 کلو میٹر سڑک کا منصوبہ ہے، سی پی ڈبلیو ڈی سے منصوبے کی منظوری لے لی گئی: چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ

muhammad ali محمد علی اتوار 5 جولائی 2020 15:01

ملک کے پسماندہ ترین ریجن میں موٹروے کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جولائی2020ء) ملک کے پسماندہ ترین ریجن میں موٹروے کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی، چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ ایم 8 پر کام کا آغاز اولین ترجیح ہے، بلوچستان میں ہوشاب سے آواران تک 146 کلو میٹر سڑک کا منصوبہ ہے، سی پی ڈبلیو ڈی سے منصوبے کی منظوری لے لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں بلوچستان کی عوام کو خوشخبری سنائی گئی ہے:

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطہ کے ویب سائٹ پہ اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایم 8 موٹروے پر کام ترجیحی بنیاد پر کیا جائے گا۔

ہوشاب تا آواران 146کلومیٹر شاہراہ کی 26 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی منظوری سی ڈی ڈبلیو پی سے حاصل کی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے کیچ/آواران کے دور دراز اضلاع میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ یہ منصوبہ جنوبی بلوچستان کی زندگی بدل دے گا ۔ اس سے قبل بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے گزشتہ روز جاری بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ گوادر میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ منصوبہ گوادر کی ترقی کا پیش خیمہ ہوگا۔

گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹس کی تعمیر جاری ہے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں گوادر کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے پر عزم ہیں۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہاکہ 230 ملین ڈالر لاگت کے ایئر پورٹ کا میگا منصوبہ گوادر کی ترقی کا پیش خیمہ ہوگا۔