برازیل کے صدر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا

میں بالکل نارمل ہوں، میں تو یہاں چل کر آنا چاہتا تھا مگر ڈاکٹروں کی تجویز کی وجہ سے میں گھر پر ہی رہوں گا: صدر جیر بولزونرون

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 7 جولائی 2020 21:48

برازیل کے صدر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا
برازیلیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 جولائی2020ء) برازیل کے صدر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا
، برازلین صدر جیر بولزونرون نے بتایا ہے کہ میں بالکل نارمل ہوں، میں تو یہاں چل کر آنا چاہتا تھا مگر ڈاکٹروں کی تجویز کی وجہ سے میں گھر پر ہی رہوں گا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ میرا یکس رے بھی کیا گیا ہے جس کی رپورٹ کے مطابق میرے پھیپھڑے بالکل صاف ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز انہوں نے کہا تھا کہ انہیں جسم میں درد اور بخار محسوس ہو رہا ہے جس کی وجہ سے وہ کورونا ٹیسٹ کرانے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ کے بعد برازیل دنیا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا ملک ہے۔ برازیل میں 16 لاکھ 2 6ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہیں اور گزشتہ24 گھنٹوں میں مزید656 افراد ہلاک ہوگئے جس سے مجموعی تعداد 65ہزارسے بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں وائرس کے 20229 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد1626071 ہوگئی ہے۔ برازیل میں اب تک کورونا سے 65556 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں، ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 488286 ہے۔ یاد رہے کہ مغربی یورپ اور بعض ایشیائی ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے لیکن امریکہ اور جنوبی امریکہ کے ممالک کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر کئی ملکوں میں یہ وائرس اب بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔

دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جبکہ برازیل دوسرے نمبر پر ہے اور اس ملک کے صدر بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ دنیا بھر میں اب تک کورونا سے 1کروڑ 18لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 5لاکھ 43ہزار مریض جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔