برہان وانی کے یوم شہادت پریوتھ فورم فار کشمیر کی ریلی

بھارتی حکمرانوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو دبانے کیلئے ظلم و جبر فسطانیت کی انتہا کر رکھی ہے

بدھ 8 جولائی 2020 18:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) کشمیری حریت پسند رہنماء نوجوانوں کے ہر دل عزیز لیڈر برہان وانی کے یوم شہادت کے موقع پر یوتھ فورم فار کشمیرکی جانب سے ایوان اقبال تا لاہورپریس کلب تک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت چیف آرگنائزر طارق احسان غوری نے کی ۔ریلی میں مختلف سیاسی ، سماجی ،مذہبی ، نوجوان، تاجراورکشمیری تنظیموں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے طارق احسان غوری نے کہ بھارتی حکمرانوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو دبانے کیلئے ظلم و جبر اور فسطانیت کی انتہا کر رکھی ہے، بھارتی سیکورٹی فورسز نے گذشتہ ایک سال میں سینکڑوں بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی و معذور کر دیا ہے۔جدوجہد آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

مودی حکومت نے بوکھلاہٹ میں کشمیریوں کا قتل عام شروع کر دیا ہے ۔

آزادی کے مجاہدوں اور کشمیری قائدین کو پابند سلاسل کر رکھا ہے،ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔طارق احسان غوری نے کہ کہ برہان وانی نے آزادی کی جو شمع اپنے خون سے روشن کی ہے ہم اسے بجھنے نہیں دینگے۔ اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ کشمیریوں کیلئے منطور کردہ حق خود ارادیت کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ کشمیری امن کی زندگی گزار سکیں ۔ریلی کے شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان "وانی تیرے خون سے انقلاب آئے گا "حق خود ارادیت کشمیریو ں کا حق کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے ۔