اسلام آباد میں کنسٹریکشن انڈسٹری پیکیج پر عملدرآمد کیلئے فوری نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے ، محمد احمد وحید

سی ڈی اے بورڈ سے منظور شدہ بلڈنگ بائی لاز کو بھی جلد نوٹیفائی کرے، صدر اسلام آباد چیمبر

بدھ 8 جولائی 2020 18:40

اسلام آباد میں کنسٹریکشن انڈسٹری پیکیج پر عملدرآمد کیلئے فوری نوٹیفیکیشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمداحمد وحید نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کنسٹریکشن انڈسٹری کیلئے ایک پرکشش مراعاتی پیکج کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا لیکن تین ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود اسلام آباد میں ابھی تک سی ڈی اے یا کسی دوسرے ادارے نے اس پیکج پر عمل درآمد کیلئے کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا جس وجہ سے اس شعبے کی تاجر برادری کو تشویش لاحق ہے کیونکہ نوٹیفیکیشن کے بغیر ان کیلئے مستقبل کی منصوبہ بند کرنا ممکن نہیں ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اس صورتحال کا نوٹس لیں اور کنسٹریکشن انڈسٹری پیکج کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو فوری نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے احکامات فرمائیں ۔

(جاری ہے)

محمد احمد وحید نے کہا کہ سی ڈی اے نے تین برس پہلے انڈسٹریل بلڈنگ بائی لاز میں ترمیم کی بورڈ سے منظوری لی تھی لیکن ابھی تک ان کا نوٹیفیکیشن جاری نہ ہو سکا ہے جس وجہ سے نہ صرف اسلام آباد میں صنعتی ترقی کا عمل متاثر ہو رہا ہے، بلکہ سی ڈی اے کو بھی ریونیو کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو سی ڈی اے سے لیز کی تجدید سمیت دیگر امور میں بھی مسائل کا سامنا ہے جس وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں لہذا انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے ترمیم شدہ بلڈنگ بائی لاز اور کنسٹریکشن انڈسٹری پیکج پر عمل درآمد کیلئے فوری نوٹیفیکیشن جاری کرے تا کہ اسلام آباد میں کاروباری اور تعمیراتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے ۔

آئی سی سی آئی کے صدرنے کہا کہ کنسٹریکشن انڈسٹری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار اد اکرتی ہے کیونکہ اس انڈسٹری سے منسلک پچاس سے زائد ذیلی صنعتوں کا کاروبار اس صنعت سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنسٹریکشن سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملنے سے کاروبار کو ترقی ملے گی ، سرمایہ گردش کرے گا ، ہزاروں افراد کو روزگار ملے گا جس سے غربت و بے روزگاری کم ہو گی جبکہ پاکستان ہائوسنگ پرگرام کے تحت گھروں کی تعمیر سے کم آمدن والے افراد کو اپنی چھت ملے گی لہذا انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم اپنے اعلان کردہ پیکج پر فوری عمل درآمد کیلئے مطلوبہ اقدامات لیں۔

اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ کرونا وائرس کی تباہ کاریوں کی وجہ سے کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں بہت متاثر ہوئی ہیں ان حالات میں کنسٹریکشن انڈسٹری کو فروغ دے کر کاروباری سرگرمیوں کو بحال کیا جا سکتا ہے ۔ لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پنجاب کی طرز پر وفاقی حکومت کے متعلقہ ادارے تعمیراتی صنعت کے پیکج پر عمل درآمد کیلئے نوٹیفیکیشن جاری کریں اور اس صنعت کی سہولت کیلئے ٹائم لائن مقرر کریں تا کہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو جس سے بہت سی دیگر صنعتوں اور کاروباری اداروں کا کاروبار چلے گا۔