آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کو بے نقاب کرنا خصوصاً کرپٹ عناصر کے سرغنہ شہباز شریف کی بے لوث اور بے خوف کرپشن اور نااہلی کو سامنے لانا میری اولین ترجیح ہے، فیاض الحسن چوہان

جمعرات 9 جولائی 2020 19:08

آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کو بے نقاب کرنا خصوصاً کرپٹ عناصر کے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2020ء) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کو بے نقاب کرنا خصوصاً کرپٹ عناصر کے سرغنہ شہباز شریف کی بے لوث اور بے خوف کرپشن اور نااہلی کو سامنے لانا میری اولین ترجیح اور میرا اخلاقی، سیاسی اور قانونی فرض ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ن لیگی ترجمانوں سے میرے الزامات، بیانات اور انکشافات کا بروقت جواب نہیں بن پڑتا۔

اسی لیے ن لیگی ترجمانوں کا جواب ایک دن بعد شہباز شریف سے ڈانٹ کھانے کے بعد آتا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سردار عثمان بزدار کی شبانہ روز محنت کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سیاسی، انتظامی و عوامی امور کو ایک ساتھ لے کر چلنا سردار عثمان بزدار کا طرہ امتیاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے شدید منفی پراپیگنڈے کے باوجود آج بزدار حکومت کے اتحادی ساتھ کھڑے ہیں۔ پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کرونا کے تدارک کے بہتر نتائج سردار عثمان بزدار کی قیادت کی بدولت ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی مدد سے کرونا کیسز میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ صوبے میں ممکنہ سیلاب سے بروقت نمٹنے کے لیے وزیرِ اعلیٰ پنجاب صوبے کے مختلف اضلاع کے دورے کر رہے ہیں جبکہ گزشتہ ادوار میں نام نہاد خادم اعلیٰ سیلاب آنے کے بعد صرف فوٹو سیشن کے لیے پانی میں جا کھڑے ہوتے تھے۔