حکومت ملک میں ریسلنگ کے کھیل پر توجہ دینے کے لئے اقدامات کرے، پہلوان استاد محمد انور

پاکستانی پہلوانوں نے بین الاقوامی سطح پر بے شمار میڈلز حاصل کررکھے ہیں ، حکومت کی طرف سے زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنی کی ضرورت ہے، گفتگو

جمعہ 10 جولائی 2020 12:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) قومی پہلوان کوچ استاد محمد انور نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ریسلنگ کے کھیل پر توجہ دینے کے لئے اقدامات کرے، پہلوانی کا کھیل ثقافتی اور صدیوں پرانے کھیل ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی پہلوانوں نے بین الاقوامی سطح پر بے شمار میڈلز حاصل کررکھے ہیں لیکن حکومت کی طرف سے ان کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنیکی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پہلوانی کا کھیل ہمارا ثقافتی اور صدیوں پرانا کھیل ہے جو دیہاتی سطح پر عام طور پر بچے بڑے شوق سے کھیلوں رہے ہیں، جب بچے صبح سویرے اکھاڑے میں کشتی کرتے ہیں تو ان کا ایک اپنا نظارہ ہوتا ہے، استاد محمد انور نے کہا کہ پہلوانی کے کھیل کا ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے حکومت اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی جانب ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، انہوں نے پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ارشد ستار کی ملک میں پہلوانی کے کھیل کی ترقی کے لئے دن رات کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں اور کاوشوں سے کھلاڑی بیرون ملک تربیت اور ایونٹ میں اپنی مدد آپ کے تحت شرکت کررہے ہیں لیکن حکومت کا بھی فرض بنتا کہ ثقافتی کھیل پہلوانی پر توجہ دے اور دیگر سپورٹس کی طرح اس کھیل پر زیادہ سے زیادہ فنڈز خرچ کرے، گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں استاد محمد انور نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لئے تعلیمی اداروں کا ایک بڑا اہم کردار ہوتا ہے تاہم ہمارے ہاں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نہ ہونے کے برابر ہے اور حکومت کی طرف سے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے ملنے والی ایک ملین کی سالانہ گرانٹ بہت کم ہے، اس گرانٹ سے تو ایک چمپئن شپ بھی نہیں ہوسکتی، حکومت کو اس پر نظر ثانی کرکے سالانہ گرانٹ میں اضافہ کرنا چاہئے، کرونا وائرس کی وباء کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث پوری دنیا متاثر ہوئی ہے اور لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں اور کھلاڑیو ں کو حکومتی احتتاطی تدآبیر پر عمل کرنا چاہئے تاکہ اس موذی امراض سے بچ سکیں، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی سماجی فاصلوں کا خیال رکھتے ہوئے اپنی تربیت اور فٹنس پر توجہ دیں تاکہ کرونا وائرس کی وباء ختم ہوتے ہی دوبارہ اپنی کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔