امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تشویشناک حد تک اضافہ

یومیہ رپورٹ ہونے وائے نئے کیسز کی تعداد اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر ہفتہ 11 جولائی 2020 07:00

امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تشویشناک حد تک اضافہ
واشنگٹن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جولائی 2020ء) امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تشویشناک حد تک اضافہ۔ یومیہ رپورٹ ہونے وائے نئے کیسز کی تعداد اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آ گئے ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ بھر میں گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کی تعداد 70 ہزار سے بھی زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔

امریکہ میں 60 ہزار سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ ہونے کا یہ مسلسل تیسرا روز ہے۔ اس سے قبل بدھ کو بھی امریکہ میں کورونا کے باعث 60 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے تھے جبکہ جمعرات کو رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کی تعداد 65 ہزار سے زائد تھی۔ 
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں شدت ریکارڈ کی گئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے کورونا سے متعلق اپنی یومیہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد ہے جو کہ اب تک رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

عالمی ادارے کے مطابق انفیکشن میں سب سے زیادہ اضافہ امریکہ، برازیل، انڈیا اور جنوبی افریقہ میں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس کے ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد رواں ماہ 4 تاریخ کو ریکارڈ کی گئی تھی جب 2 لاکھ 12 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے۔