جمہوریت چلتی رہے گی ،عمران خان نے کرپشن اور اسکے بل بوتے پر سیاست کرنیوالوں کا بوریا بستر گول کردیا ‘ ہمایوں اختر

اپوزیشن رہنما انوکھے لاڈلے بنے ہوئے ہیں جواقتدار کی ہوس میں قبل از وقت انتخابات کے خواب دیکھ رہے ہیں

اتوار 12 جولائی 2020 18:30

ؒلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو عوام کے ووٹوں سے پانچ سال کیلئے حکومت ملی ہے اور صرف اپوزیشن کی خواہش پر اس کی قبل از وقت معیاد پوری نہیں ہو سکتی ، جمہوریت کی گاڑی چلتی رہے گی البتہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک سے کرپشن اور اس کے بل بوتے پر سیاست کرنے والوں کا بوریا بستر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے گول کردیا ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی مسلسل جدوجہد اور عزم سے مافیاز کی گرفت کمزور ہو رہی ہے اور رد عمل کے طور پر بھرپور مزاحمت کی جارہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ماضی میں دو جماعتوں نے اقتدار کی باریاں لیں اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے نام نہاد احتساب کے نام پرایک دوسرے کی کرپشن کی پردہ پوشی کی گئی ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے اپنی جماعت کے لوگوںکے خلاف بھی سخت ایکشن لے کر شفافیت اور احتساب کے نعرے کو سچ کر دکھایا ہے ۔

تحریک انصاف کے دور حکومت میں ہی کرپشن کے خلاف جدوجہد کی بیل منڈھے چڑھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جو جماعتیں کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہیںان کی جانب سے تحریک انصاف کی حکومت سے دو سالوں میں معجزوں کی توقع کرنا مضحکہ خیز ہے ، عوام آگاہ ہیں سابقہ حکمرانوںنے ملک میں جتنے بیگاڑ پیدا کئے ہیں انہیں راتوں رات ٹھیک نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کیلئے وقت درکار ہے اور حکومت اس طرف مثبت پیشرفت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنما انوکھے لاڈلے بنے ہوئے ہیں جواقتدار کی ہوس میں قبل از وقت انتخابات کے خواب دیکھ رہے ہیں۔