فیڈمک فیصل ۱ٓباد کے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سی200 ایکڑ رقبہ پر ہیلتھ سٹی قائم کرنے کا اعلان

پیر 13 جولائی 2020 14:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2020ء) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے سی پیک سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سی200 ایکڑ رقبہ پر ہیلتھ سٹی قائم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔فیڈمک کے ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلہ میں چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے گزشتہ روزوفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے ملاقات کی اور انہیں اس حوالے سے بریفنگ دی جبکہ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی عندلیب عباس و دیگر بھی موجود تھے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے فیڈمک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش ۱ٓئند ہے کہ ہیلتھ سٹی میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اگلے دس سال کے اندر ٹیکنالوجی کے شعبے میں سپر پاور بن جائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین فیڈمک نے کہا کہ اس ہیلتھ سٹی میں ایسی بائیومیڈیکل مشینیں اور آلات کی تیاری کو ترجیح دی جائے گی جو پاکستان بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کے علاوہ جوائنٹ وینچرز اور مقامی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔چیئرمین فیڈمک کے مطابق اس سلسلہ میں پانچ سے چھ کمپنیاں پہلے سے فیڈمک کے ساتھ رابطے میں ہیں اور انہوں نے اس شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔دریں اثناء میاں کاشف اشفاق نے اے پی پی کو بتایا کہ فیصل آباد انڈسٹریل ا سٹیٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کی طرف سے قائم اکنامک زونز میں آئندہ 4سالوں کے دوران 4لاکھ سے زائد ہنر مند و تربیت یافتہ افراد کو روز گار فراہم کیا جائے گا جبکہ اگلے سال چینی زبان پر عبور رکھنے والے 20ہزار مقامی افراد سمیت 70ہزار سکلڈ پرسنز کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ فیڈمک کے اکنامک زونز میں 4لاکھ سے زائد لوگوں کو روز گار کے نئے مواقع میسر آئیں گے تاہم چونکہ یہاں انڈسٹریل یونٹس کی تعداد زیادہ ہے اسلئے وہاں با ہنر افراد کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ فیڈمک میں بعض چائنیز کمپنیوں کے انڈسٹریل یونٹس بھی قائم کئے جا رہے ہیں اسلئے وہاں ایسے سکلڈ پرسنز کی ضرورت ہو گی جو چینی زبان پر عبور رکھتے ہیں لہٰذا ہمارے نوجوانو ںکو چا ہیے کہ وہ چینی ز بان سیکھنے کے ساتھ ساتھ انڈسٹریل سیکٹر سے متعلقہ ووکیشنل وٹیکنیکل ٹریننگ کا حصول یقینی بنائیں تاکہ انہیں بہترین روز گار میسر آسکے۔

انہوںنے کہا کہ آئندہ سال تک یہاں 70ہزار افراد کو روز گار ملے گا جبکہ پہلے سال میں صرف چینی زبان پر عبور رکھنے والے 20ہزار مقامی افراد کو ملازمت ملے گی۔انہوںنے کہا کہ فیڈمک تربیتی اداروں کو اکنامک زونز میں جگہ فراہم کرے گی جہاں یہ ادارے اپنے تربیتی مراکز قائم کریں گے۔ انہوںنے بتایا کہ اس سلسلہ میں انڈسٹری سے مشاورت کی جا رہی ہے تاکہ ان کے مستقبل کی ضروریا ت کو مد نظر رکھتے ہوئے افرادی قوت کو تربیت فراہم کی جا سکے نیز اس کے ساتھ ساتھ پہلے سے قائم فنی تربیت کے اداروں کو بھی افرادی قوت کی تربیت کے پراجیکٹ کا حصہ بنایا اور درکار افرادی قوت کی جلد سے جلد تربیت کیلئے خصوصی سنٹربنائے جائیں گے۔

چیئر مین فیڈمک نے مزید بتایاکہ مختلف شعبہ جات کیلئے درکار افرادی قوت کو پورا کرنے کیلئے لیبر کو ایڈوانس جاب کنٹریکٹ دے کر تربیت فراہم کی جائے گی اور تربیت مکمل ہوتے ہی انہیں ملازمت پر رکھ لیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد میں جاب سکیورٹی کے پیش نظر ہنر حاصل کرنے کا جذبہ پیدا کیا جا سکے۔